بحرین میں مقامی افراد کو ملازمتیں نہ دینے والوں پر جرمانہ ہو گا

بحرینی افراد کو ملازمتوں سے انکار کرنے والوں کو20 ہزار دینار کا جرمانہ بھُگتنا پڑے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 31 اکتوبر 2020 16:30

بحرین میں مقامی افراد کو ملازمتیں نہ دینے والوں پر جرمانہ ہو گا
ٰمنامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 اکتوبر2020ء) بحرین میں مقامی افراد کو نوکریاں نہ دینے والی کمپنیوں کے خلاف سخت ایکشن کرنے کا فیصلہ ہو گیاہے۔ بحرین کی پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے جلد ایک ایسا مسودہ قانون منظور کروایاجائے گا جس میں مملکت میں مقامی افراد کوزیادہ سے زیادہ نوکریاں دینے کو ممکن بنایا جائے گا اور جو لوگ بحرینی افراد کو ملازمت دینے میں ٹا ل مٹول سے کام لیں گے ،ان پر بھاری جرمانہ عائد ہو گا۔

اس مسودہ قانون کے مطابق کمپنیوں اورکاروباری مالکان کو پابند کیا جائے گا کہ وہ غیر ملکیوں کی جگہ مقامی افراد کو ہی نوکریاں دیں۔ تاکہ مقامی افراد میں بے روزگاری کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔ یہ قانون منظور ہونے کے بعد بحرینی کمپنیوں اور کاروباری اداروں کے مالکان ملازمت کے متلاشی بحرینی نوجوانوں کا ریکارڈ چیک کرنے کے بعد ان میں سے ہی موزوں اور باصلاحیت اُمیدوار کا انتخاب کر کے اسے ملازمت دیں گے۔

(جاری ہے)

جو لوگ اس ضابطے پر عمل نہیں کریں گے ان پر کم از کم 5 ہزار بحرینی دینار اور زیادہ سے زیادہ 20 ہزار بحرینی دینار کا جرمانہ ہو گا۔ تاہم بحرینی وزارت محنت و سماجی ترقی کا کہنا ہے کہ اس مسودہ قانون پر غور ہونا چاہیے، کیونکہ کمپنی مالکان کے لیے ممکن نہیں ہے کہ وہ رجسٹرڈ ملازمتوں کے متلاشی افراد کا ریکارڈ چیک کر سکیں۔ بحرین میں بہت سی ملازمتیں ایسی ہیں جن پر غیر ملکی افراد بہت کم تنخواہ میں کام کرتے ہیں۔

کم تنخواہ کی وجہ سے بحرینی افراد ان میں دلچسپی ہی نہیں لیتے۔ اس لیے تمام شعبوں پر بحرینی افراد کو ملازمت پر رکھنا ممکن نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ بحرین کی 17 لاکھ کی آبادی میں سے آدھے سے زیادہ غیر ملکی ورکرز ہیں۔ گزشتہ دو سا ل کے دوران بحرین میں غیر ملکیوں کی تعداد میں کمی کر دی گئی ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں