بحرین کے کمانڈر کی عالمی سلامتی میں پاک فوج کے کردار کی تعریف

بحرین کے سرکاری دورے کے دوران جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا نے منامہ میں نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے ساتھ اہم ملاقات کی

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 مئی 2023 15:58

بحرین کے کمانڈر کی عالمی سلامتی میں پاک فوج کے کردار کی تعریف
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 مئی 2023ء ) بحرین کے کمانڈر نے عالمی سلامتی میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بحرین کے سرکاری دورے کے دوران جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بحرین کے نیشنل گارڈ کمانڈر سے علاقائی اور عالمی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں پاک فوج کے اہم کردار کو سراہا، جنرل مرزا نے منامہ میں نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی، آمد پر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جو پاکستان اور بحرین کے درمیان فوجی تعلقات کو مضبوط اور وسعت دینے میں دوطرفہ تبادلوں کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں فوجی تعاون پر خصوصی زور دیتے ہوئے باہمی دلچسپی اور تعاون کے مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی، جنرل شیخ محمد نے مضبوط تعلقات کو فروغ دینے میں اس طرح کے دوروں کی اہمیت کی تصدیق کی اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا، جنرل مرزا کو نیشنل گارڈ کے کردار، حکمت عملی اور ذمہ داریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

مزید برآں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے نیشنل گارڈ میوزیم کا دورہ کیا جس میں تاریخی ہتھیاروں کا ذخیرہ موجود ہے، اپنے دورے کے دوران جنرل مرزا نے وی آئی پی وزیٹرز کی کتاب میں ایک نوٹ چھوڑا، جس میں نیشنل گارڈ اور پاکستان آرمی کے درمیان تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے جنرل شیخ محمد کے لیے ان کی تعریف کی گئی، تعریفوں کا یہ تبادلہ دفاع اور سلامتی کے میدان میں پاکستان اور بحرین کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو اجاگر کرتا ہے، ملاقات نے نا صرف موجودہ فوجی تعلقات کو مستحکم کیا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعاون کی راہ بھی ہموار کی، جنرل مرزا کے دورے نے قریبی تعلقات کو فروغ دینے اور علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں