کویت میں کورونا وائرس کی بیماری چھُپانے پر 5 سال قید بھُگتنا ہو گی

کابینہ اجلاس میں کہا گیا کہ کورونا کی بیماری ظاہر نہ کرنے پر سزا کے علاوہ 50ہزار دینار کا جرمانہ بھی عائد ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 18 مارچ 2020 12:10

کویت میں کورونا وائرس کی بیماری چھُپانے پر 5 سال قید بھُگتنا ہو گی
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مارچ 2020ء) کویت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں اضافے نے مملکت بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔کویتی اخبار القبس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کورونا وائر س کے حوالے سے کویتی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کی بیماری چھپانے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔ کابینہ اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا کہ اگر کوئی شخص کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بارے میں آگاہ نہیں کرے گا تو اسے قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

کابینہ کے مطابق جو شخص کابینہ یا کوئی اور متعدی بیماری چھُپاتا ہے وہ اس کے پھیلاؤ کا مجرم بنتا ہے۔ اس وجہ سے اس سنگین جرم کے ارتکاب کرنے والے کو 5 سال قید کی سزا دی جائے گی یا پھر اس پر کم از کم 10 ہزار دینار اور زیادہ سے زیادہ 50 ہزار دینار کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بعض صورتوں میں قید اور جرمانہ دونوں سزائیں ساتھ ساتھ دی جا سکتی ہیں۔

یہ عدالت کی صوابدید ہو گی کہ وہ کیا فیصلہ سُناتی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر کویت کے نائب وزیراعظم نے ملک میں کرفیو نافذ کرکے غیرملکیوں کو ملک سے واپس بھیجنے کی تجویز دیدی ہے۔ کویتی نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ انس الصالح نے کہا ہے کہ عوام کی جانب سے حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل نہ کرنے کی صورت میں کرفیو لگا کر غیرملکیوں کو واپس بھیجنے جیسے اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزارت صحت کی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ملک کا صحت کا نظام کبھی بھی گرنے نہیں دیں گے۔ اگر شہری اور تارکین وطن لاپرواہی برتیں گے یا ان ہدایات کو سنجیدگی سے نہیں لیں گے تو ریاست کو یقینی طور پر سخت ردِعمل دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ زیادہ تر لوگ ہدایات پر عمل کر رہے ہیں لیکن کچھ لوگ ان ہدایات پر عمل نہیں کررہے جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں