کویت نے 8 لاکھ بھارتی تارکین کو مملکت سے نکالنے کا پروگرام بنا لیا

تارکین کے حوالے سے خصوصی بل کی منظوری کے بعد لاکھوں بھارتیوں کو واپس بھیج دیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 جولائی 2020 10:05

کویت نے 8 لاکھ بھارتی تارکین کو مملکت سے نکالنے کا پروگرام بنا لیا
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 جولائی 2020ء) کویت کی موجودہ آبادی 43 لاکھ ہے جس میں سے تارکین کی گنتی 30لاکھ اور مقامی آبادی 13 لاکھ کے قریب ہے۔ مملکت میں تارکین وطن کی تعداد کم کرنے کے لیے ماضی میں بھرپور آوازیں اُٹھائی جاتی رہی ہیں۔ تاہم کورونا وبا کے بعد کویت میں اس وباکے پھیلاؤ کا ذمہ دار خاص طور پر بھارتی اور بنگلہ دیشی شہریوں کو ٹھہرایا گیا اور انہیں فوری ڈی پورٹ کرنے کے لیے کویتی باشندوں نے سوشل میڈیا پر تحریک بھی چلائی۔

کویت کی قومی اسمبلی نے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو مملکت سے لاکھوں تارکین وطن کی ملازمتیں ختم کر کے انہیں واپس بھیجنے کے لیے ایک بل تیار کر رہی ہے۔ اس بل میں یہ سفارش کی گئی ہے کہ مملکت میں بھارتی باشندوں کی گنتی 15 فیصد سے زیادہ نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

جونہی یہ بل منظور ہو گیا تو مملکت سے 8 لاکھ بھارتی ملازمین کو نکال دیا جائے گا۔ کیونکہ اس وقت کویت میں تارکین وطن میں سرفہرست بھارتی باشندے ہیں جن کی گنتی ساڑھے چودہ لاکھ سے زائد ہے۔

پندرہ فیصد تک کوٹا محدود کرنے کی صورت میں کویت میں صرف ساڑھے چھ لاکھ بھارتیوں کو رہنے کی اجازت ہو گی، باقی 8 لاکھ بھارتیوں کو باہر نکال دیا جائے گا۔ کورونا وبا کے دوران کویت میں تارکین وطن کے خلاف مخالفت کے جذبات پیدا ہوئے ہیں، اکثر ممبران قومی اسمبلی نے بھی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تارکین کی بڑی گنتی کو بے دخل کر دے۔ ان تارکین کی وجہ سے کویت کی معیشت اور سماجی اقدار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

گزشتہ ماہ کویتی وزیر اعظم شیخ صباح الخالد الصباح نے بھی تجویز پیش کی تھی کہ مملکت میں تارکین وطن کی گنتی 70 فیصد سے گھٹا کر صرف 30 فیصد تک لائی جائے گی۔ اس تجویز کے ایک ہفتے بعد ہی کویتی وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ مملکت میں اب مزید غیر ملکیوں کو نوکریاں نہیں دی جائیں گی۔ اکثر کویتی پارلیمنٹیرین نے مطالبہ کیا کہ لاکھوں غیر ملکیوں کو فارغ کر کے ان کی جگہ بے روزگار کویتی باشندوں کو نوکریاں دی جائیں۔

واضح رہے کہ اپریل 2020ء میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا تھا ۔ کویتی باشندوں کی جانب سے مملکت میں کورونا کے پھیلاوٴ کا ذمہ دار تارکین وطن خصوصاً بھارتیوں اور بنگلہ دیشیوں کو ٹھہرایا گیا تھا۔ کئی معروف کویتی شخصیات نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ غیر مْلکیوں کو کورونا پھیلانے کی سنگین غفلت کے باعث مملکت سے ڈی پورٹ کر دیا جائے۔

جس کے بعدکویتی مملکت نے غیر ملکی تارکین کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاوٴن شروع کر دیا تھا۔ 16 اپریل سے 20 اپریل کے دوران بھارت سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین کو ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔ غیر قانونی تارکین کی ان کے وطن کو واپسی کویتی حکومت کی جانب سے ایک رعایتی اسکیم کے تحت ہو رہی ہے۔ کویتی حکومت نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ مملکت میں موجود غیر قانونی تارکین اپنے وطن لوٹ جائیں۔وطن واپس جانے والوں سے کوئی باز پْرس ہو گی اور نہ انہیں قید کی سزا اور جرمانہ بھْگتنا ہو گا۔ بلکہ وطن واپسی کے لیے انہیں جہاز کی ٹکٹس بھی حکومت فراہم کرے گی۔ان تارکین پر عائد تمام جرمانے معاف ہو جائیں گے، جن میں ٹریفک جرمانے بھی شامل ہیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں