کویت میں مقیم پاکستانی شہری جعلی اقاموں کے دھندے پر گرفتار

ملزم نے 60ویزوں میں ہیرا پھیری کر کے 20 ہزار کویتی دینار وصول کیے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 اگست 2020 17:18

کویت میں مقیم پاکستانی شہری جعلی اقاموں کے دھندے پر گرفتار
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17اگست 2020ء) کویت میں ایک پاکستانی شخص جعلی اقاموں کا کاروبار کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے 60 افراد کے اقاموں میں جعلسازی سے تبدیلی کر کے اس کے بدلے میں ایک ریکروٹنگ ایجنسی سے 20 ہزار کویتی دینار وصول کیے تھے ۔ ملزم کی جعلسازی کا علم ہونے کے بعد جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ریزیڈنس انکوائری افیئرز نے گرفتار کر لیا۔

کویتی اخبار القبس کے مطابق ایک ریکروٹنگ ایجنسی نے جنرل ڈیپارٹمنٹ کو شکایت درج کرائی کہ پاکستانی شخص نے انہیں جو اقامے بنا کر دیئے وہ جعلی ہیں، ان کے ساتھ دھوکا کرنے والے شخص کو سخت سزا دی جائے۔ یہ جعلی اقامے 60 بھارتی خواتین کے تھے جو گھریلو ملازماؤں کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ ایجنسی کو بھی پتا نہیں تھا کہ ان کے پرانے اقاموں میں جعلسازی کر کے ان کی مُدت میں توسیع کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ملزم کے خلاف ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تحقیقات شروع کی گئیں، تو پتا چلا کہ وہ جعلی اقامے بنانے کا ماہر ہے اس مقصد کے لیے اس نے بیرون ملک سے کئی آلات اور سامان منگوا رکھا تھا، جن کی مدد سے اصلی معلوم ہونے والے جعلی اقامے تیار ہو جاتے تھے۔ جس کے بعد روپوش ملزم کا سُراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جو اسے جعلسازی کے مقدمے میں مقامی عدالت میں پیش کرے گا۔

استغاثہ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اپنی جعلسازی کا اعتراف کر لیا ہے۔واضح رہے کہکویت سوسائٹی آف انجینئرنگ نے کویت میں ملازمت کرنے والے 3ہزار بھارتی انجینئرز کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل روک دیا ہے اوران کی مستقبل میں تصدیق سے انکار بھی کر دیا ہے۔ انجینئرنگ سوسائٹی کا کہنا ہے کہ بھارتی انجینئرنگ کی ڈگریاں اور دیگر متعلقہ دستاویزات کے بڑے پیمانے پر جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈگریوں کی تصدیق روکنے کا فیصلہ انجینئرنگ سوسائٹی اور پبلک اتھارٹی فار مین پاور کی جانب سے مشترکہ طور پر لیا گیا ہے۔ کویتی اخبار القبس کے مطابق ”سوسائٹی آف انجینئرز کی چھان بین میں سامنے آئا کہ کچھ بھارتی شہری انجینئرز بن کر کام کر رہے تھے، حالانکہ کویتی ضوابط کے مطابق ان کی ڈگریاں انجینئرنگ کے مطلوبہ معیار پر پُوری نہیں اُترتی تھیں۔

“جعلی بھارتی انجینئرز کی جعلسازی سے متعلق یہ معاملہ کویتی وزارت داخلہ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ جس کے مطابق اپنے ورک پرمٹ کی مُدت میں توسیع کروانے کے لیے بھارتی شہریوں نے سرکاری محکموں کی جعلی مہریں لگوائی تھیں۔ اس کے علاوہ خود کو انجینئر ظاہر کرنے کے لیے بھی جعلی دستاویزات تیار کروائیں۔ اس وسیع پیمانے پر فراڈ میں ملوث بھارتی شہریوں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اتنے بڑے پیمانے پر جعلساری سامنے آنے کے بعد کویت سوسائٹی آف انجینئرز نے انجینئرنگ کی مطلوبہ قابلیت اور معیار پر پورا اُترنے والے3 ہزار بھارتیوں کی ڈگریوں کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، جنہیں ان کی یونیورسٹیوں کی جانب سے انجینئرنگ کی بجائے دیگر شعبوں میں ڈگریاں جاری کی گئی تھیں۔ دوسری جانب 7 جعلی بھارتی انجینئرز کو اپنی ڈگریوں اور دیگر دستاویزات میں ہیر پھیر کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں