کویت میں مقیم پاکستانی ملازم رنگ رلیوں کے چکر میں لُٹ گیا

نامعلوم حسینہ رومانوی حرکات کے دوران جیب سے بڑی رقم لے اُڑی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 2 ستمبر 2020 14:46

کویت میں مقیم پاکستانی ملازم رنگ رلیوں کے چکر میں لُٹ گیا
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 ستمبر2020ء) کویت میں مقیم ایک پاکستانی کے ساتھ دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے جسے اخبارات اور سوشل میڈیا پر بہت زیادہ کوریج دی جا رہی ہے۔ کویت میں مقیم ایک پاکستانی شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ ایک جنرل اسٹور میں ملازم کرتا ہے۔ چند روز قبل کوئی نامعلوم حسینہ دُکان میں آئی اور دل لگی کی باتیں اور رومانی حرکات کرنے کے بعد اس کی جیب میں موجود 350 کویتی دینار (تقریباً ایک لاکھ نوے ہزار روپے) لے اُڑی۔

خوبصورت لڑکی کی قربت سے مدہوش نوجوان کو اس واردات کا بعد میں پتا چلا۔کویتی میڈیا کے مطابق پاکستانی دُکاندار نے بتایا کہ وہ سلیمانیہ کے علاقے میں واقع جنرل اسٹور پر اکیلا ہی تھا جب ایک دلکش صورت کی لڑکی دُکان میں داخل ہوئی اور اس سے برتن دھونے والا ڈیٹرجنٹ پاؤڈر مانگا۔

(جاری ہے)

جب وہ ڈیٹرجنٹ پاؤڈر والی شیلف کی طرف گیا تو یہ نامعلوم خاتون بھی اس کے پاس آ گئی اور اچانک اس سے لپٹ گئی۔

وہ اس کی اس اچانک رومانوی حرکت سے پریشان ہو گیا۔ اسے یقین ہی نہیں ہوا کہ ایک انتہائی خوبصورت خاتون اچانک اس پر ایسے کیسے مہربان ہو سکتی ہے۔ وہ بھی جذبات کی رو میں بہہ کر اس کے ساتھ محبت بھری حرکات میں گُم ہو گیا۔ تاہم تھوڑی دیر بعد لڑکی اس سے الگ ہو گئی اور ایک دلفریب مسکراہٹ کے ساتھ اس کی جانب دیکھتے ہوئے شرارت بھرے انداز میں کہا ”تم بہت کمال کے نوجوان ہو، میں تم سے دوبارہ ملنے آؤں گی ، اور زیادہ دیر تک ٹھہروں گی۔

“ پاکستانی نوجوان اس کی بات سُن کر خوش ہو گیا۔ تاہم تھوڑی دیر بعد جب اس نے اپنی جیب ٹٹولی تو اسے احساس ہوا کہ اس کے ساتھ کتنا بڑا دھوکا ہو گیا ہے۔ یہ نامعلوم حسینہ دل لگی کے بہانے اس کی جیب سے 350کویتی دینار نکال کر فرار ہو گئی۔ تھی۔ نوجوان کا کہنا تھا کہ وہ اس خاتون کو نہیں جانتا، بس اس کا حلیہ بتا سکتا ہے۔ یہ خاتون ایک کالے رنگ کی جرمنی ساختہ گاڑی میں آئی تھی۔وہ اس دھوکے باز خاتون کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتا ہے۔ پولیس نے نامعلوم دھوکے باز خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں