کویت میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی

وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کی فیس گھٹا کر 30دینار مقرر کر دی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 30 جنوری 2021 17:53

کویت میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی گئی
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جنوری2021ء) کویت میں کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے فوری نوعیت کے فیصلے کیے گئے ہیں۔ جن میں سے ایک فیصلے کے تحت وزارت صحت نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ویکسین انڈیا کی ادویہ ساز سیرم فیکٹری میں انٹرنیشنل کمپنی سٹرازینکا کے لائسنس سے تیار کی جارہی ہے۔

سیکرٹری صحت ڈاکٹر عبداللہ کا کہنا ہے کہ تکنیکی کمیٹی نے کئی ویکسینز کا جائزہ لینے کے بعد آکسفورڈ ویکسین کو استعمال کے لیے بہترین قرار دیا ہے۔ نیشنل ویکسی نیشن پروگرام کے تحت جلد از جلد ویکسین لگوانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ آکسفورڈ ویکسین کی پہلی کھیپ چند روز میں کویت پہنچ جائے گی، جس کے فوری بعد ویکسین لگانے کا عمل شروع ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کویتی وزارت صحت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کویت میں پی سی آر ٹیسٹ کی یکساں قیمت مقرر کر دی گئی ہے۔ تمام سرکاری و نجی اسپتالوں اورپرائیویٹ کلینکس میں پی سی آر ٹیسٹ کی فیس 30 دینار مقرر کی گئی ہے۔کوئی بھی طبی ادارہ اس سے زیادہ رقم وصول کرنے کا مجاز نہیں ہو گا۔وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک لینے والے افراد میں وائرس کا کوئی انفیکشن نہیں پایا گیا، ویکسی نیشن کے بعد کورونا سے متاثر ہونے کے امکانات 95 فی صد تک کم ہو جاتے ہیں۔

کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے بتایا ہے کہ اب تک 35 ہزار شہریوں کو کرونا ویکسین دی جا چکی ہے۔ 15 فروری تک ویکسین کی نئی کھیپ کویت پہنچ جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مملکت میں مقیم افراد کوجلد از جلد کورونا ویکسین فراہم کرنے والی تمام ریاستوں میں سر فہرست ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں