کویت میں مقیم غیرملکی ملازمین کے لیے بری خبر

معاشی بحران کے باعث غیر ملکی سرکاری ملازمین کو اپنے واجبات کے لئے مہینوں انتظار کرنا پڑے گا۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 اکتوبر 2021 13:04

کویت میں مقیم غیرملکی ملازمین کے لیے بری خبر
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 اکتوبر 2021ء ) کویت میں غیرملکی ملازمین کے واجبات مزید تاخیر کا شکار ہوگئے ، غیر ملکی سرکاری ملازمین کو اپنے واجبات کے لئے مہینوں انتظار کرنا پڑے گا۔ کویتی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملکی معاشی بحران کے باعث غیر ملکیوں کے لیے سروس کے ختم ہونے والے فوائد بحران کا شکار ہوگئے ہیں کیوں کہ وزارت خزانہ کی جانب سے ضروری لیکویڈیٹی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی سروس کے اختتام کے بعد ان کو واجب الادا رقم کی ادائیگی کی مدت مہینوں تک بڑھا دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ سول سروس کمیشن نے واجبات کی ادائیگیوں کے لیے لیکویڈیٹی فراہم کرنے اور اس بحران کو حل کرنے کے لیے وزارت خزانہ سے درخواست کی ہے کہ وہ کمیشن کو ادائیگیوں کا احاطہ کرنے کے لئے بجٹ منتقل کرے تاکہ اسے سرکاری اداروں میں تقسیم کیا جاسکے لیکن اس کے لئے کمیشن کو منظوری کی ضرورت ہوگی جس کی وجہ سے غیر کویتی سرکاری ملازمین کی سروس معاوضوں کی ادائیگی تاخیر کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہزاروں پاکستانیوں اور دیگر غیرملکیوں نے کویت کی لیبر مارکیٹ چھوڑ دی ، لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم (LMIS) نے ایک رپورٹ جاری کی ہے ، جس میں بتایا گیا کہ وباء کے دوران کئی قومیتوں کے کارکنان نے لیبر مارکیٹ چھوڑ دی ، اس سال کی پہلی سہ ماہی میں لیبر مارکیٹ چھوڑنے والوں میں بھارتیوں کی تعداد 21 ہزار 341 کارکنان کے ساتھ سب سے زیادہ ہے اور اس وقت مزدوروں کی تعداد کم ہو کر 67 ہزار 809 رہ گئی ہے جن میں 17 ہزار 398 گھریلو ملازمین بھی شامل ہیں ، اس کے بعد مصری شہری ہیں جن کی تعداد 11ہزار 135 ہے اور وہ کویت کی لیبر مارکیٹ چھوڑنے والوں میں دوسرے نمبر پر ہے جب کہ بنگلہ دیش 6 ہزار 136 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق لیبر مارکیٹ میں مارچ کے آخر تک مزدوروں کی کل تعداد 15 لاکھ 36 ہزار 033 غیر ملکیوں تک پہنچ گئی جنہیں 4 لاکھ 11ہزار 464 شہریوں کے مقابلے میں نجی اور سرکاری شعبوں میں تقسیم کیا گیا جب کہ گھریلو لیبر سیکٹر میں مارچ تک تارکین وطن کی کل تعداد 6 لاکھ 51 ہزار 265 تھی جو کہ گزشتہ سال کے آخر میں ریکارڈ کیے گئے لیبر مارکیٹ کے اعداد و شمار سے 17 ہزار 398 کم ہے۔

پرائیویٹ سیکٹر سے نکلنے والے غیرملکیوں کی قومیت کے لحاظ سے تعداد کچھ یوں ہے ، بھارتی 21 ہزار 341 ، مصری 11ہزار 135 ، بنگلہ دیشی 6 ہزار 136 پاکستانی 1 ہزار 250 ، فلپائنی 1 ہزار 953 ، شامی 253 ، نیپالی 4 ہزار 185 ، اردن 236 ، ایرانی 210 جب کہ دیگر قومیتوں کے 4 ہزار 268 کارکن شامل ہیں ، اس کے علاوہ ملک چھوڑنے والے گھریلو ملازمین کی تعداد میں بھارتی 10 ہزار 169 کے ساتھ سر فہرست ہیں ، اس کے بعد فلپائنی ہیں جن تعداد 2 ہزار 543 ہے ، جب کہ بنگلہ دیشی 773 ، ایتھوپین 177 ، نیپالی 664 ، انڈونیشین 22 ، بینن 253 ، آئیوری کوسٹ 249 ، پاکستانی 17 اور دیگر قومیتوں کے 431 کارکن ملک چھوڑ گئے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں