کویت ؛ درجنوں موٹرسائیکلیں چوری کرکے بیچنے والے غیرملکی پکڑے گئے

تارکین وطن ملازمین کی جانب سے کمپنی کے گودام سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا انکشاف ہوا جنہوں نے چوری کے بعد یہ موٹر سائیکلیں کمپنی سے دور ایک گیراج میں منتقل کردیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 دسمبر 2021 12:28

کویت ؛ درجنوں موٹرسائیکلیں چوری کرکے بیچنے والے غیرملکی پکڑے گئے
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 دسمبر 2021ء ) خلیجی ملک کویت میں درجنوں موٹرسائیکلیں چوری کرکے فروخت کرنے والے غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ کویت اردو کے مطابق کمپنی کے ایک ملازم نے اپنے اعلیٰ عہدیدار کو بتایا کہ اس نے اپنے ساتھیوں سے کمپنی کے گودام سے موٹر سائیکلیں چوری ہونے کے بارے میں سنا ہے ، جس کے بعد کی گئی تحقیقات میں ان تارکین وطن ملازمین کی جانب سے کمپنی کے گودام سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا انکشاف ہوا جنہوں نے موٹرسائیکلیں چوری کرنے کے بعد کمپنی سے دور ایک گیراج میں منتقل کیا۔

بتایا گیا ہے کہ معاملے سامنے آنے کے بعد کویتی وزارت داخلہ کی فوجداری تحقیقاتی ٹیم نے 3 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا جنہوں نے 15 موٹر سائیکلیں مختلف ریسٹورنٹس اور دکانوں کو فروخت کیں جب کہ ان کے گودام سے 19 مزید موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں جو ابھی تک فروخت نہیں کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ جن لوگوں نے موٹرسائیکلیں خریدیں ان کو بھی تفتیش کے لیے گرفتار کیا جا رہا ہے ، جس کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ ان خریداروں کو چوری شدہ موٹر سائیکلوں اور ان کی خرید و فروخت کے بارے میں علم تھا یا نہیں۔

علاوہ ازیں کویت کے کسٹمز افسران نے ایئرپورٹ پہنچنے والے بھارتی شہری کو اس وقت گرفتار کیا جب اس کے چہرے پر گبراہٹ کے آثار دیکھے گئے جن کی وجہ سے کسٹم افسران کوبھارتی مسافر پر شک ہوا تو انہوں نے اس کے سامان کی تلاشی لی ، بھارتی شہری کے سامان کی تلاشی کے دوران مختلف جگہوں پر چھپائی گئی 120 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ دوسری طرف کویت کے علاقے سالمیہ میں ایک ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے غیرملکی اور اس کی گرل فرینڈ اپنی کار کے اندر فحش حرکات کرتے ہوئے پکڑے گئے ، جہاں ایشیائی باشندہ اور اس کی گرل فرینڈ سامنے والی سیٹ پر بیٹھ کر اس سیٹ کو پیچھے کی طرف جھکا کر ایک دوسرے کے ساتھ بوس و کنار میں مصروف تھے ، جن کو وہاں سے گزرنے والے ایک کویتی شہری نے دیکھ لیا اور اپنے موبائل سے ویڈیو کلپ بناکر سکیورٹی فورسز کو فراہم کردیا ، سکیورٹی فورسز نے تمام تر قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد ایشیائی باشندے اور اس کی گرل فرینڈ کو ملک بدر کرنے کے لیے قانونی کاروائی کرلی۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں