کویت کا تمام غیرملکیوں کیلئے ویزہ قوانین میں بڑی تبدیلی کا اعلان

رہائشی اجازت ناموں کی تجدید کیلئے واجب الادا تمام بقایاجات کی ادائیگی لازمی قرار دے دی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 ستمبر 2023 10:24

کویت کا تمام غیرملکیوں کیلئے ویزہ قوانین میں بڑی تبدیلی کا اعلان
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 ستمبر 2023ء ) کویت نے تمام غیر ملکیوں کے لیے ویزہ قوانین میں بڑی تبدیلی کا اعلان کردیا۔ عریبین بزنس کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے غیر ملکیوں کے لیے ریزیڈنسی پرمٹ سے متعلق نئے قوانین کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ غیر ملکیوں کو رہائشی اجازت ناموں کی تجدید کرنے سے پہلے ان پر واجب الادا ہر قسم کے بقایاجات کا مکمل طور پر تصفیہ کرنا ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ نئے رہائشی قوانین قائم مقام وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال خالد الاحمد الصباح کی ہدایت پر مبنی ہیں، خلیجی ملک نئے رہنما خطوط کا ایک سلسلہ متعارف کروا کے واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی نہ کرنے والے غیرملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہا ہے جس کا مقصد ریاست کو واجب الادا رقم دوبارہ حاصل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اسی مقصد کے تحت کویت میں غیر ملکیوں پر حالیہ سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں یعنی اب انہیں کسی بھی وجہ سے ملک چھوڑنے سے پہلے ٹیلی فون، بجلی، پانی اور ٹریفک کے بلوں کا تصفیہ کرنا ہوگا، اب ریذیڈنسی پرمٹس کو اپ ڈیٹ کرنے کا عمل بھی اس فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے، ملک میں مقیم تارکین وطن اس وقت تک رہائشی دستاویزات کو اپ ڈیٹ یا تجدید نہیں کر سکیں گے جب تک کہ وہ واجب الادا رقم ادا نہ کر دیں۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’اقامہ کی تجدید کے خواہشمند تارکین وطن کو پہلے سرکاری ایجنسی کی ویب سائٹس یا ساحل موبائل ایپلی کیشن کا استعمال کرتے ہوئے بقایاجات ادا کرنا ہوں گے‘، وزارت نے تمام افراد سے نئے قوانین پر عمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ ملک میں سلامتی اور امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے مزید کارروائی کرنے سے دریغ نہیں کیا جائے گا‘۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں