اومان: تین روز تک صحرا میں پھنسا رہنے والا اماراتی بچا لیا گیا

اماراتی شہری کی گاڑی النخدہ کے سنسان ریگستان میں خراب ہو گئی تھی، خوش قسمتی سے اومانی پولیس نے اُس کی جان بچا لی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 6 فروری 2020 15:02

اومان: تین روز تک صحرا میں پھنسا رہنے والا اماراتی بچا لیا گیا
مسقط (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6فروری 2020ء) جسے اللہ نے محفوظ رکھنا ہو، وہ شخص لاکھ خطرا ت اور مصائب میں گھر کر بھی بچ نکلتا ہے۔ قدرت کی ایسی ہی مہربانی ایک اماراتی شخص پر بھی ہوئی جو تین روز تک صحرا کے ایک ویران اور سنسان مقام پر پھنسا رہنے کے باوجود موت کے منہ سے بچ نکلا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اماراتی شخص اومان کے وسیع و عریض ریگستان النخدہ سے گزر رہا تھا، جب اُس کی ایس یُو وی گاڑی اچانک خراب ہو گئی۔

اُس نے بہت کوشش کی کہ گاڑی دوبارہ اسٹارٹ ہو جائے۔ تاہم اُس کی ساری کوششیں بے کار ہو گئیں۔ آس پاس کوئی آبادی اور کسی جاندار کا نام و نشان تک نہ تھا۔ آخروہ ہمت ہار بیٹھا۔ اور بھُوک پیاس کی شدت سے بے حال ہو گیا۔ کیونکہ اس کے پاس موجود پانی اور کھانا بھی ختم ہو چکا تھا۔

(جاری ہے)

وہ جس مقام پر تھا وہاں موبائل فون بھی کام کرنا چھوڑ گیا تھا۔ جب وہ گھر واپس نہ پہنچا تو اس کے گھر والوں نے اومانی پولیس سے رابطہ کیا۔

جس کے بعد ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اماراتی کی تلاش شروع کر دی گئی۔ بالآخر ایک ریتلے ٹیلے کے پاس اماراتی کی گاڑی نظر آ گئی جہاں وہ بھُوک اور پیاس کی شدت سے نڈھال نیم بے ہوشی کی حالت میں تھا ۔ متاثرہ شخص کو فوری طور پر مسقط کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ جہاں اُس کی حالت اب تسلّی بخش بتائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اگر اس شخص کو ہسپتال لانے میں چند گھنٹے اور کی تاخیر ہو جاتی تو اس کی زندگی بچنا ناممکن تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مسقط کے پہاڑی سلسلے المیرات میں تفریح کی غرض سے اکیلی جانے والی خاتون پھِسل گئی تھی۔ اتفاق سے اُس کا اپنے موبائل کے ذریعے پولیس سے رابطہ ہو گیا۔ جنہوں نے اس خاتون کو ایک پہاڑ میں بلند مقام پر زخمی حالت میں ڈھونڈ نکالا۔ جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا اور طبی امداد دے کر اس کی جان بچا لی گئی۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں