مقامی افراد کو ملازمتیں دینے کے اعلان کے باوجود عمانی سلطنت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے

متعدد شرپسند افراد کو ہنگامہ آرائی، املاک کی توڑ پھوڑ و آتش زنی اور راہگیروں پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 مئی 2021 14:48

مقامی افراد کو ملازمتیں دینے کے اعلان کے باوجود عمانی سلطنت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے
مسقط (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی2021ء) خلیجی ریاست عمان میں گزشتہ چند روز کے دوران حکومت کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔جس دوران پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا اور پولیس نے جواباً آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ ان مظاہروں کی وجہ سے کچھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عمان میں مقامی افراد لوگوں نے ملازمتیں کھوجانے اور پست معیار زندگی کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔

عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے عمانی شہریوں کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں فوری طور پر روزگار مہیا کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اس اسکیم کے تحت اس سال کے دوران میں 32ہزار سے زیادہ افراد کو ملازمتیں دی جائیں گی۔اس اعلان کے باوجود عمان میں کچھ افراد کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

العربیہ نیوز کے مطابق عمان کے صوبے البریمی میں پولیس نے جمعے کے روز 13 افراد کو حراست میں لینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ افراد ہنگامہ رائی اور املاک عامہ کو آگ لگانے کے واقعات میں ملوث ہیں۔حکام ان افراد کے خلاف مطلوبہ قانونی اقدامات کریں گے۔گذشتہ روز بھی کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
یہ لوگ راستے بند کرنے، ٹرانسپورٹ کی سواریوں پر قبضہ کر لینے، راہ گیروں پر حملے کرنے اور دکانوں سمیت سرکاری و نجی املاک کو برباد کرنے جیسی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں بعض افراد نے دکانوں پر دھاوا بول کر ان میں آگ بھڑکا دی۔عْمان میں اس سے پہلے شاذ ہی اس طرح کے مظاہرے دیکھنے میں آئے ہیں۔دوسری جانب عمان کے سلطان ہیثم بن طارق منگل کے روزجاری کردہ فرمان کے مطابق سرکاری شعبے میں دوہزارعْمانی شہریوں کو ملازمتیں دی جائیں گی۔اس کے علاوہ لوگوں کو مختلف سرکاری محکموں میں 10 لاکھ گھنٹے کے وقت کے جزوقتی روزگار کے مواقع مہیا کیے جائیں گے۔

سلطان ہیثم نے پہلی مرتبہ افرادی قوت میں شامل ہونے اور نئی ملازمتیں حاصل کرنے والے افراد کو حکومت کی جانب سے مختلف زرتلافی دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ان کے جاری کردہ فرمان کی ایک شق میں کہا ہے کہ ”ملک کے نجی شعبے کی لیبرمارکیٹ میں شامل ہونے والے نئے ملازمین کو 200 عْمانی ریال ادا کیے جائیں گے۔نیز آجرحضرات طے شدہ تن خواہ کا فرق خود پورا کریں گے اور دوسال کے لیے روزگار کے 15ہزار مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

“حکومت کا کہنا ہے کہ وزارتِ محنت نئے فرامین کی روشنی میں جون میں ضروری ’کنٹرول اور آپریشنل میکانزم‘ کے بارے میں اعلان کرے گی۔سلطان ہیثم بن طارق نے بدھ کے روز ہدایت جاری کی تھی کہ سرکاری سیکٹر میں 2000 ملازمتیں فراہم کی جائیں۔ دھر وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کل جمعرات سے ملازمتوں کی تلاش کرنے والوں سے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں