کورونا کا زور ٹوٹنے لگا ، عمان نے مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دیدی

کورونا ویکسین کی دو خواراکیں لگوانے والے مساجد میں جمعے کی نماز کے اجازت نامے حاصل کرنے کیلئے آن لائن اپلائی کرسکتے ہیں، 50 فیصد گنجائش کے ساتھ شہریوں کو آنے کی اجازت ہوگی، نمازیوں کو اپنا جائے نماز ساتھ لانا ہوگا

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 ستمبر 2021 10:39

کورونا کا زور ٹوٹنے لگا ، عمان نے مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دیدی
مسقط ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2021ء ) خلیجی سلطنت عمان میں کورونا کا زور ٹوٹنے کے بعد مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دیدی گئی۔ عرب نیوز کے مطابق عمان میں اگلے مہینے سے ایسے افراد کو مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے جو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگوا چکے ہیں ، مساجد اور ان کی انیکسیز میں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ شہریوں کو آنے کی اجازت ہوگی ، مساجد میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی پابندی پر عمل کرنا ہوگا اس کے علاوہ نمازیوں کو اپنا جائے نماز ساتھ لانا ہوگا اور ماسک بھی پہننا ہوگا۔

اس ضمن میں عمان کی وزارت مذہبی امور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسے افراد جہنوں نے عالمی وباء کورونا وائرس سے تحفظ کی ویکسین لگوائی ہے مساجد میں جمعے کی نماز کے اجازت نامے حاصل کرنے کے لیے آن لائن اپلائی کرسکتے ہیں ، اس سلسلے میں رضاکاروں کی ایک ٹیم بنائی جائے گی جس کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ مساجد میں داخل ہونے والوں کی تصدیق کرے کہ انہوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں عمان نے تارکین وطن کی بڑی پریشانی دور کرتے ہوئے ویزا تجدید کیلئے مزید 15 روز کی مہلت مل دے دی ، نئے جاری شدہ قانون کے تحت عمان کے تارکین وطن اپنے رہائشی ویزے کی میعاد ختم ہونے سے 15 دن پہلے تجدید کی درخواست دے سکتے ہیں ، اس حوالے سے سلطان ہیثم بن تارک کی جانب سے ترمیم شدہ رہائشی قانون جاری کیا گیا ہے ، جس کے مطابق اب کسی بھی غیر ملکی کو اپنے رہائشی ویزے کی تجدید کی درخواست میعاد ختم ہونے کی تاریخ سے 15 دن پہلے جمع کرانی ہوگی اور بغیر وجہ بتائے رہائشی ویزا دینے یا تجدید کرنے سے انکار کرنا جائز ہے۔

دوسری طرف عمان کے صحار ایئرپورٹ نے بین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کر دیں ، عمان ایئر پورٹس نے اعلان کیا ہے کہ صحار ایئرپورٹ نے عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے آپریشن میں طویل وقفے کے بعد اپنی بین الاقوامی پروازوں کا دوبارہ آغاز کردیا ہے اور ابتدائی طور پر پیر ، بدھ اور جمعہ کو ہفتہ وار تین پروازوں کے ساتھ ایئر عربیہ کی پروازیں چلاتے ہوئے بین الاقوامی آپریشن کی دوبارہ شروعات کی گئی ہے ، دیگر معروف کیریئرز کے ذریعے نئی براہ راست پروازوں کے لیے ایئرلائنوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں جس کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں