عمان کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی تعداد میں 135 فیصد اضافہ

سلطنت کے ہوائی اڈوں کے ذریعے آنے والوں کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہو گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 اگست 2022 17:51

عمان کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی تعداد میں 135 فیصد اضافہ
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 اگست 2022ء ) خلیجی سلطنت عمان کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی تعداد میں 135 فیصد اضافہ ہوگیا، سلطنت کے ہوائی اڈوں کے ذریعے آنے والوں کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہو گئی۔ عمان نیوز ایجنسی (او این اے) کے مطابق سلطنت عمان کے ہوائی اڈوں کے ذریعے آنے والوں کی تعداد میں 135 فیصد اضافہ ہوچکا ہے اور حالیہ عرصے میں عمان کے ہوائی اڈوں پر 3 ملین سے زیادہ مسافروں کی آمدورفت ہوئی، مسقط انٹرنیشنل، سلالہ اور سوہر ہوائی اڈوں سے آنے والی اور روانہ جانے والی بین الاقوامی پروازوں کی تعداد میں مئی 2022 کے آخر تک 113 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ تقریباً 20 ہزار 640 بین الاقوامی پروازوں تک پہنچ گئی یوں سلطنت کے ہوائی اڈوں کے ذریعے آنے والوں کی تعداد میں 135 فیصد اضافہ ہوا، جس سے مئی 2022 کے آخر تک آنے والے، جانے والے اور ٹرانزٹ مسافروں کی کل تعداد 30 لاکھ 45 ہزار 519 ہوگئی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سال فروری میں عمان نے دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے پابندیوں میں نرمی کی تھی ، جس کے تحت بیرون ملک سے خلیجی سلطنت آنے والے تمام مسافروں کے لیے قبل از آمد رجسٹریشن کی شرط ختم کی گئی ، ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کہا کہ عمان پہنچنے والے مسافروں کو وزارت صحت کی ویب سائٹ www.travel.moh.gov.om پر مزید رجسٹر کرنے کی ضرورت نہیں ہے تاہم 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے مسافروں کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے منظور شدہ کورونا ویکسین کی کم از کم دو خوراکیں حاصل کی ہیں ، اس کے علاوہ 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام مسافروں کو عمان آمد پر یا پہنچنے کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر منفی پی سی آر کورونا ٹیسٹ اور کورونا کا احاطہ کرنے والا ہیلتھ انشورنس پیش کرنا بھی ضروری ہے ۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ملک میں یومیہ کورونا کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی گئی اور عمان میں روزگار کے خواہشمندوں کیلئے 2 لاکھ سے زائد اسامیوں کی خوشخبری سنائی گئی ، سلطنت کے وزیر محنت مہاد باون نے کہا کہ سلطنت عمان میں خصوصی ملازمتوں کے لیے اس وقت 2 لاکھ سے زیادہ آسامیاں خالی ہیں ، جن کے لیے وزارت فی الحال ماہر، تکنیکی اور درمیانے درجے کے پیشہ ور افراد کو نشانہ بنا رہی ہے کیوں کہ مارکیٹ میں 3,000 سے زیادہ پیشے ہیں جہاں مختلف شعبوں میں اسامیوں کی تعداد 1 لاکھ 80 ہزار سے 2 لاکھ 50 ہزار کے درمیان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت اس وقت وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ لوگوں کو تعلیمی میدان میں لیبر مارکیٹ میں داخل ہونے کا اہل بنایا جا سکے ، اس کے علاوہ اس سال کی دوسری ششماہی کے دوران کم از کم اجرت کا جائزہ لیا جائے گا ، کم از کم اجرت کا جائزہ مشترکہ کمیٹیوں کی ذمہ داری ہے اور اس کے ساتھ ایک مربوط نظام کام کرتا ہے اور اس سال کے دوسرے نصف میں اس حوالے سے جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں