قطر کی جانب سے اماراتی اشیاءپر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا

قطر نے یہ فیصلہ امارات کی جانب سے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں کیس دائر کرنے کے بعد کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 27 اپریل 2019 12:51

قطر کی جانب سے اماراتی اشیاءپر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا
دوحہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،27 اپریل 2019ء) قطر کے اپنے ہمسایہ ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات کافی عرصہ سے کشیدگی کا شکار ہیں۔ اس سفارتی تناﺅ کے باعث قطر کی جانب سے کچھ عرصہ قبل اماراتی ساز و سامان کی برآمد پر پابندی عائد کر دی تھی۔ جس کے خلاف ردِ عمل کے طور پر متحدہ عرب امارت نے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں قطری حکومت کی جانب سے تجارتی پابندی پر اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کیس درج کروایا تھا۔

آج یہ معاملہ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی تنازعات کو نمٹانے والے کمیٹی (DSB) کے سیشن میں زیر بحث آیا۔ تاہم قطر کی جانب سے اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ وہ ماضی میں اماراتی اشیاءکی قطر کو برآمد پر پابندی کے فیصلے سے دست بردار ہو گیا ہے، جس کے بعد اماراتی ساز و سامان کی قطر کو برآمد پر کسی قسم کی روک ٹوک نہیں رہے گی۔

(جاری ہے)

تاہم قطر کی جانب سے پابندی کے خاتمے کو عارضی قرار دیا گیا۔

اس پابندی کے خاتمے کے بعد قطر اور امارات کے درمیان ساز و سامان اور دیگر اجناس کی برآمد و درآمد کا سلسلہ بحال ہو جائے گا۔ اس موقع پر قطری وفد نے واضح کیا کہ اگرچہ تجارت پر پابندی ہٹا لی گئی ہے مگر دونوں ممالک کے درمیان بنیادی معاملات پر اختلاف برقرار ہے۔ دُُوسری جانب اماراتی حکام کی جانب سے بھی واضح کیا گیا ہے کہ قطر کی جانب سے پابندی کا فیصلہ عارضی ہے جو امارات کے لیے قابل قبول نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ قطر ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے قواعد و ضوابط کی پُوری طرح پابندی کرتے ہوئے پابندی کو مستقل طور پر ہٹادے۔

اس حوالے سے ہمارے پاس قانونی آپشنز موجود ہیں جن کے ذریعے ہم ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے فورم کے ذریعے قطر کو تجارتی بندش سے مستقل طور پر باز رہنے کے لیے اپنی بات منوائیں گے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں