خلیجی ممالک میں بھی پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریبات

متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور قطر سمیت کئی ممالک میں قومی پرچم لہرائے گئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 14 اگست 2023 16:04

خلیجی ممالک میں بھی پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریبات
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اگست 2023ء ) پاکستان کی طرح خلیجی ممالک میں بھی وطن عزیز کے یومِ آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور قطر سمیت کئی ممالک میں قومی پرچم لہرائے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی۔


بتایاجاتا ہے کہ ریاض میں بھی پاکستانی سفارتخانے میں آج پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں سعودی عرب کے لیے پاکستان کے سفیر اور ان کی شریک حیات نے تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، مسلح افواج کے افسران اور سفارت خانے کے اہلکاروں کا خیرمقدم کیا، تقریب میں پاکستانی خاندانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سفارتخانے کے افسران نے قیادت کے پیغامات پڑھ کر سنائے، سفیر احمد فاروق نے کمیونٹی ممبران سے خطاب کیا اور پاکستان سعودی تعلقات کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)


اسی طرح قطر کے دارالحکومت دوحہ میں موجود پاکستان کے سفارتخانہ میں بھی یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں خلیجی ملک کے لیے پاکستان کے سفیر اعجاز محمد کی طرف سے پرچم کشائی کی گئی، اس تقریب میں دوحہ میں مقیم پاکستانیوں نے بھی شرکت کی۔ 

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں