قطر نے ورک ویزہ کیلئے نئی شرط عائد کردی

ویزہ نکلوانے کے لیے ہیلتھ انشورنس پالیسی لازمی حاصل کرنی ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 اگست 2023 11:59

قطر نے ورک ویزہ کیلئے نئی شرط عائد کردی
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اگست 2023ء ) قطر نے لازمی ہیلتھ انشورنس اسکیم میں ملٹی انٹری ورک ویزہ ہولڈرز کو بھی شامل کرلیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق قطری حکومت نے لازمی ہیلتھ انشورنس اسکیم کو ملٹی انٹری ورک ویزہ رکھنے والوں تک بڑھا دیا ہے، ایک سے زیادہ بار قطر میں داخلے کے ورک ویزہ کے لیے درخواست دینے والے غیر ملکی شہریوں کو ویزہ نکلوانے کے لیے وزارت صحت عامہ کی ویب سائٹ سے ہیلتھ انشورنس پالیسی لازمی حاصل کرنی ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ یہ غیر ملکی شہری ہیلتھ انشورنس پالیسی ویزہ جاری ہونے سے پہلے یا اس کی منظوری کے وقت خرید سکتے ہیں اور یہ پالیسی ویزہ کی میعاد ختم ہونے تک کارآمد ہوگی، غیر ملکی شہری جن کے پاس پہلے سے ہی ملٹی پل انٹری ورک ہے انہیں سرحدی حکام کی ہدایت پر کسی بھی قطری بندرگاہ پر داخلے سے پہلے یا پہنچنے پر اسی قسم کی ہیلتھ انشورنس پالیسی حاصل کرنی ہوگی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس شرط کے نافذ ہونے کی وجہ سے نئے ویزوں کے اجراء میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے کیوں کہ وزارت داخلہ کو اس بات کی تصدیق حاصل کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں کہ ہیلتھ انشورنس وزارت صحت سے ہی خریدی گئی ہے۔ علاوہ ازیں قطر نے دوحہ ایکسپو کے لیے ہیا کارڈ پر انٹری کی بھی اجازت دے دی، ایکسپو کے سیکریٹری جنرل محمد الخوری نے بتایا ہے کہ ہیا کارڈ انٹری سسٹم کو قطر ٹورازم کے تعاون سے ایکسپو 2023ء دوحہ میں آنے والوں کے لیے 6 ماہ کی مدت کے لیے لاگو کیا جائے گا، ہم دوحہ ایکسپو کے دوران 80 ممالک کی شرکت اور دوحہ میں 30 لاکھ وزیٹرز کے داخلے کی توقع کر رہے ہیں، تاہم ایکسپو 2023ء دوحہ کے لیے ہیا کارڈ کے ساتھ داخلے کے طریقہ کار کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں