ایکسپو 2023ء دوحہ کیلئے ہیا کارڈ پر قطر انٹری کی اجازت

ہیا کارڈ انٹری سسٹم کو قطر ٹورازم کے تعاون سے 6 ماہ کی مدت کے لیے لاگو کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 اگست 2023 15:49

ایکسپو 2023ء دوحہ کیلئے ہیا کارڈ پر قطر انٹری کی اجازت
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 اگست 2023ء ) قطر نے ایکسپو 2023ء دوحہ کے لیے ہیا کارڈ پر انٹری کی اجازت دے دی۔ مقامی اخبار گلف ٹائمز کے مطابق ایک عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ 2 اکتوبر 2023ء سے 28 مارچ 2024ء تک منعقد ہونے والی ایکسپو 2023ء دوحہ کے دوران وزیٹرز کے لیے ہیا کارڈ سے انٹری کا آپشن موجود ہوگا۔ اس حوالے سے ایکسپو 2023ء دوحہ کے سیکریٹری جنرل محمد الخوری نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہیا کارڈ انٹری سسٹم کو قطر ٹورازم کے تعاون سے ایکسپو 2023ء دوحہ میں آنے والوں کے لیے 6 ماہ کی مدت کے لیے لاگو کیا جائے گا، ہم دوحہ ایکسپو کے دوران 80 ممالک کی شرکت اور دوحہ میں 30 لاکھ وزیٹرز کے داخلے کی توقع کر رہے ہیں، تاہم ایکسپو 2023ء دوحہ کے لیے ہیا کارڈ کے ساتھ داخلے کے طریقہ کار کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ایکسپو 2023ء دوحہ کے سیکریٹری جنرل نے قطر اسٹارز لیگ (QSL) کے سیزن 2023/2024 کی لانچنگ تقریب اور لیگ و ایکسپو 2023ء دوحہ کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر اس منصوبے کا انکشاف کیا، جہاں انہوں نے کیو ایس ایل کے سی ای او ہانی طالب بالان کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے، معاہدے کے تحت لیگ کا نام تبدیل کرکے ایکسپو سٹارز لیگ رکھا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ہیا کارڈ فیفا ورلڈ کپ کے دوران ایک فین آئی ڈی کے طور پر شروع کیا گیا تھا جس نے ٹکٹ ہولڈرز کو قطر اور اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی اور انہیں میٹرو اور بس سروسز تک مفت رسائی بھی ملی، اس کے بعد وزارت داخلہ نے ہیا کارڈ کی معیاد میں توسیع کرتے ہوئے ملک سے باہر کے کارڈ ہولڈرز کو 24 جنوری 2024ء تک قطر میں داخل ہونے کی اجازت دی تھی۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں