کراچی سے قطر کیلئے بک کنٹینر سے 3 من سے زائد چرس برآمد

منشیات کی اتنی بڑی مقدار انتہائی مہارت کے ساتھ پیاز کی جھلیوں میں چھپائی گئی تھی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 ستمبر 2023 15:51

کراچی سے قطر کیلئے بک کنٹینر سے 3 من سے زائد چرس برآمد
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 ستمبر 2023ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے خلیجی ملک قطر کے لیے بک کروائے جانے والے کنٹینر سے پیاز کی کھیپ میں چھپائی گئی 3 من سے زائد مقدار میں چرس پکڑی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس نے بتایا کہ کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر ایک بڑی کارروائی عمل میں گئی، اس دوران سبزیوں اور پھلوں کی آڑ میں منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اے این ایف نے دوحہ کے لیے مختص کنٹینر میں 3 من سے زائد منشیات برآمد کرلی۔

معلوم ہوا ہے کہ کنٹینر کی تلاشی لینے پر پیاز سے بھرے کنٹینر میں چھپائی گئی 125 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، جو انتہائی مہارت کے ساتھ پیاز کی جھلیوں میں چھپائی گئی تھی، یہ کنٹینر کراچی سے ایک نجی کمپنی نے قطر کے لیے بک کروایا تھا، سکیورٹی حکام نے منشیات قبضے میں لے کر ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان سے سعودی عرب منشیات اسمگل کرنے کیلئے احرام کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا ہے، ایئر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے پر جانے والے مسافر کے احرام کے 3 تولیوں میں بھگو کر جذب کی گئی 5 کلو گرام سے زائد آئس ہیروئن برآمد کرلی۔

اس حوالے سے ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ مسافر کی شناخت محمد عمران کے نام سے ہوئی، جو اسلام آباد سے استنبول کے راستے سعودی عرب کت ساحلی شہر جدہ جانے کے مقصد سے ہوائی اڈے پر پہنچا تو اس کے سامان کی تلاشی کے دوران احرام کے 3 تولیوں کو ہیروئن کے محلول سے بھگوئے جانے کا انکشاف ہوا۔ اے ایس ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے ملزم کے سامان کی تلاشی کے دوران انتہائی مہارت سے کی جانے والی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے 5 کلو 448 گرام محلول آئس ہیروئن برآمد کرلی جب کہ ملزم سے ابتدائی تفتیش کا عمل مکمل کرنے کے بعد اسے برآمد کی گئی منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں