قطر میں دوران ڈرائیونگ فون کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ

لاپرواہی سے ڈرائیونگ کیخلاف کریک ڈاؤن شروع‘ جرمانوں پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 ستمبر 2023 16:07

قطر میں دوران ڈرائیونگ فون کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 ستمبر 2023ء ) قطر نے لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران فون کے استعمال کے جرمانے پر چھوٹ کو مسترد کردیا۔ دوحہ نیوز کے مطابق قطر کے حکام نے لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے خلاف تازہ ترین کریک ڈاؤن میں تصدیق کی ہے کہ موبائل فون استعمال کرنے پر جرمانہ عائد ہونے والے ڈرائیوروں کو اس خلاف ورزی کی ادائیگی کے لیے نصف قیمت کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

قطر ریڈیو سے بات کرتے ہوئے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک میں خلاف ورزیوں کے شعبے کے افسر کیپٹن محمد رابیعہ الکواری نے تصدیق کی کہ جرمانہ 500 قطری ریال کی ایک بار ادائیگی پر عائد ہوگا اور جلد ادائیگی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، کیوں کہ یہ ایک خطرناک عمل ہے 50 سے 60 فیصد ٹریفک حادثات موبائل فون کے استعمال اور سیٹ بیلٹ کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے ہوتے ہیں، تاہم سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانے پر 50 فیصد کمی لاگو ہوگی بشرطیکہ جرمانہ 30 دن کے اندر اندر ادا کیا جائے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ قطر نے ایک نیا ریڈار سسٹم متعارف کرایا ہے جو بیک وقت تین طرح کی خلاف ورزیوں کا پتہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے جن میں سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنا، موبائل فون کا استعمال، اور تیز رفتاری شامل ہیں، نئی ریڈار ٹیکنالوجی سیٹ بیلٹ اور ایک ہی رنگ کے لباس میں فرق بھی کر سکتی ہے جب کہ گاڑی میں کسی ایک جگہ فکس موبائل فونز یا ڈیش بورڈ مانیٹر کے ساتھ بات چیت بھی ٹریفک قوانین کے مطابق خلاف ورزی تصور ہوگی۔

معلوم ہوا ہے کہ قطری حکام نے سڑکوں پر ہونے والے حادثات اور اموات کو روکنے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں، پلاننگ سٹیٹسٹکس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جون کے مہینے میں 14 اموات ہوئیں جو پچھلے مہینے میں ہونے والی 20 اموات سے کم ہیں، اسی مہینے میں 23 بڑے، 582 چھوٹے اور 13 ہزار 850 معمولی نوعیت کے حادثات بھی رپورٹ ہوئے، 1 لاکھ 38 ہزار 766 تیز رفتاری کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جو سڑک کی تمام خلاف ورزیوں کا 75 فیصد ہیں۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں