قطر ایئرویز کے مسافروں کیلئے دوحہ ایکسپو میں مفت انٹری کا اعلان

خلیجی ملک کی قومی ایئرلائن اپنے تمام انٹرنیشنل مسافروں میں اعزازی پاس تقسیم کرے گی

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 اگست 2023 15:32

قطر ایئرویز کے مسافروں کیلئے دوحہ ایکسپو میں مفت انٹری کا اعلان
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اگست 2023ء ) قطر ایئرویز کے مسافروں کیلئے دوحہ ایکسپو میں مفت انٹری کا اعلان کردیا گیا۔ دوحہ نیوز کے مطابق قطر ائیر ویز نے اپنے تمام انٹرنیشنل مسافروں کے لیے دوحہ ایکسپو 2023ء میں مفت داخلے کی سہولت دیتے ہوئے اعزازی پاس تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے، ایونٹ کی آفیشل ایئر لائن نے دنیا بھر سے لوگوں کی دلچسپی کو اپنی طرف متوجہ کرنے اور قطر کو ایک پرکشش ٹریول ہاٹ اسپاٹ کے طور پر ظاہر کرنے کے لیے یہ اقدام متعارف کروایا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 'گرین ڈیزرٹ بیٹر انوائرمنٹ' کے عنوان سے منعقد کی جانے والی دوحہ ایکسپو کا مقصد انٹرنیشنل کمیونٹی کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے، قطر ایئرویز کی ڈیسٹینیشن مینجمنٹ کمپنی ڈسکور قطر ایکسپو کے دوران تمام بین الاقوامی مسافروں کو اعزازی انٹری واؤچرز پیش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

قطر ایئرویز نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ اس پروموشن میں سٹاپ اوور پیکجز شامل ہیں جہاں اسٹینڈرڈ سٹاپ اوور سے لے کر جس میں 14 امریکی ڈالرز فی رات کی فور سٹار ہوٹل کی رہائش شامل ہے، اس کے علاوہ پریمیم سٹاپ اوور کے لیے 23 امریکی ڈالرز سے فائیو اسٹار ہوٹلوں کے انتخاب پیش کیے جاتے ہیں جب کہ لگژری اسٹاپ اوور فائیو اسٹار ہوٹلوں میں شاندار قیام کی پیشکش کرتا ہے جس میں ناشتہ بھی شامل ہے اور اس کی قیمتیں 81 امریکی ڈالرز سے شروع ہوتی ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ دوحہ ایکسپو میں انوائرمنٹ سینٹر اور بائیو ڈائیورسٹی میوزیم، فیملی ایمفی تھیٹر، انڈور ڈومز، کلچرل بازار، فارمرز مارکیٹ، اسپانسرز ایریا اور گرینڈ اسٹینڈ ایرینا اس عالمی ایونٹ کے ستون ہیں، قطر ایئرویز اور قطر ٹورازم کے سی ای او اکبر البکر کہتے ہیں کہ دوحہ ایکسپو کے دوران دنیا بھر سے آنے والے وزیٹرز کے لیے قطر میں ثقافتی، ماحولیاتی اور اختراعی تجربات کا وعدہ کیا گیا ہے، ایکسپو 2023ء دوحہ کے آفیشل اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر ہم بین الاقوامی مہمانوں کو قطر میں خوش آمدید کہنے، انہیں اپنی مہمان نوازی کی پیشکش کرنے اور انہیں اس یادگار تقریب سے منسلک کرنے کے منتظر ہیں۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں