قطر سے پاکستانیوں نے 2023ء میں ایک ارب ڈالر آبائی وطن بھیجے

نگراں وزیر اعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے قطر کی لیبر اصلاحات کی تعریف کی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 جنوری 2024 17:03

قطر سے پاکستانیوں نے 2023ء میں ایک ارب ڈالر آبائی وطن بھیجے
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2024ء ) خلیجی ملک قطر میں مقیم پاکستانیوں نے 2023ء میں ایک ارب ڈالر کا زرمبادلہ آبائی وطن بھیجا، نگراں وزیر اعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے قطر کی لیبر اصلاحات پر روشنی ڈالی جن میں کفالت کے نظام کا خاتمہ، کم از کم اجرت کا نفاذ، اجرت کے تحفظ کے نظام (WPS) اور مزدوروں کو درپیش مسائل کے جواب میں قطر میں پاکستانی افرادی قوت کو فائدہ پہنچانے والے مثبت اقدامات شامل ہیں۔

دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے قطر میں کارکنوں کے حالات اور ان کے لیے فراہم کی جانے والی دیکھ بھال کی تعریف کی، خاص طور پر پاکستانی کمیونٹی کی سازگار پوزیشن پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران قطر کی جانب سے لیبر اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان تبدیلیوں نے ملک کو کارکنوں بالخصوص پاکستانیوں کے لیے ایک پرکشش اور مقبول مقام بنا دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ 2023ء میں قطر میں رہائش پذیر پاکستانی شہریوں کی طرف سے آبائی وطن واپس بھیجی گئی ترسیلات زر تقریباً 1 بلین ڈالر رہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس دوران انہوں نے قطر میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں موجودگی کی نشاندہی کی جن کی تعداد تقریباً 3 لاکھ ہے جو بنیادی طور پر تعمیرات اور مہمان نوازی کے شعبوں میں ملازمت کرتے ہیں، جواد سہراب ملک نے بیرون ملک خصوصاً قطر میں ملازمتوں کے مواقع بڑھانے کے لیے پاکستان کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی، انہوں نے پاکستان میں تربیتی مراکز کے قیام کا تذکرہ کیا، جو کارکنوں کو عالمی خدمات کی صنعت بالخصوص مہمان نوازی میں درکار مہارتوں اور زبان کی مہارت سے آراستہ کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔

قطر میں پاکستانی کارکنوں کی آمد پر روشنی ڈالتے ہوئے نگراں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ 2022-2023ء کے درمیان تقریباً 58 ہزار پاکستانی کارکن قطر پہنچے، پاکستان اپنے عالمی تارکین وطن سے سالانہ تقریباً 27 بلین ڈالر کی ترسیلات زر وصول کرتا ہے، جس میں تقریباً 12 ملین افراد شامل ہیں، جن میں 60 لاکھ عرب خلیجی ممالک میں مقیم ہیں، انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں میں شامل افرادی قوت میں پاکستان کی نمایاں شراکت کا بھی تذکرہ کیا اور فیفا ورلڈ کپ قطر 2022ء کے کامیاب انعقاد پر پاکستانی وزیراعظم کی جانب سے قطر کی قیادت کے تعریفی کلمات بیان کیے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں