قطری حکمران خاندان کے فرد کو منی لانڈرنگ پر 20 سال قید و جرمانہ

سابق قطری وزیر خزانہ علی شریف سابق وزیراعظم کے بھائی ہیں‘ شیخ نواف بن جاسم بن جبورالثانی بھی جرم میں ملوث پائے گئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 جنوری 2024 15:29

قطری حکمران خاندان کے فرد کو منی لانڈرنگ پر 20 سال قید و جرمانہ
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2024ء ) قطر کے حکمران خاندان کے اہم فرد اور سابق وزیر خزانہ کو منی لانڈرنگ پر 20 سال قید اور اربوں ڈالر جرمانے کی سزا سنادی گئی۔ العربیہ نیوز اور رائٹرز کے مطابق قطر کی ایک عدالت نے حکمران خاندان کے اہم فرد اور سابق وزیر خزانہ کو منی لانڈرنگ کے ایک مقڈمے کا فیصلہ سناتے ہوئے 20 سال قید کی سزا سنائی ہے، سزا پانے والے سابق قطری وزیر خزانہ کا نام علی شریف ہے جو سابق وزیر اعظم کے بھائی بھی ہیں۔

فوجداری عدالت میں سابق وزیر خزانہ علی شریف کے خلاف یہ جرم ثابت ہوا ہے کہ انہوں نے 5 اعشاریہ 6 ارب ڈالر کی خطیر رقم کی منی لانڈرنگ کی، عدالت نے جرم کو سنگین نوعیت کا بتایا اور اپنی نوعیت کا یہ پہلا فیصلہ دیا ہے جس کے تحت عدالت نے علی شریف کو 16 اعشاریہ 7 ارب ڈالر کا جرمانہ بھی کیا، جو 61 بلین قطری ریال کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم سے معلوم ہوا ہے کہ قطری حکمران خاندان کے ایک اعلیٰ عہدے دار اور قطر کے سابق وزیراعظم کے بھائی شیخ نواف بن جاسم بن جبور الثانی بھی اس جرم میں بالواسطہ ملوث پائے گئے اور عوامی فنڈز کے غلط استعمال کے مرتکب ہوئے، جس پر انہیں 6 سال قید اور 825 ملین ریال جرمانے کی سزا سنائی گئی جب کہ مجموعی طور پر علی شریف اور شیخ نواف کو 14 دیگر افراد کے ساتھ مقدمے کا سامنا کرنا پڑا، اس جرم میں ان تمام افراد کو 10 جنوری کو سزا سنائی گئی، تاہم افراد سزا کے خلاف اپیل بھی کر سکتے ہیں۔

فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ قطر کے حکمران خاندان کے ان دونوں اہم افراد نے مقدمے کی سماعت کے دوران الزامات کے جواب میں کوئی درخواستیں داخل کیں یا نہیں تاہم علی شریف کے وکلاء نے سزا پر تبصرہ کرنے کے لیے رائٹرز کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا، علی زریف نے گرفتاری کے بعد سے عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جب کہ تبصرہ کے لیے شیخ نواف سے رابطہ نہ ہوسکا۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں