خسارے کی شکار قطر ائیر ویز نے اہم فیصلہ کر لیا

قطر ایئر ویز کی جانب سے متعدد ملازمین کو برطرف کیا جا رہا ہے جبکہ باقی ملازمین کی تنخواہیں 25 فیصد تک کم کی جائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 16 جون 2020 09:55

خسارے کی شکار قطر ائیر ویز نے اہم فیصلہ کر لیا
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جون 2020ء) کورونا وائرس کی وبا نے قطر کی معیشت کو بھی بُری طرح متاثر کیا ہے، جس کی لپیٹ میں قطر کی سرکاری فضائی کمپنی قطر ائیر ویز بھی آ چکی ہے۔ عالمی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ موجودہ معاشی بحران کے باعث قطر ائیر ویز کے متعدد پائلٹس کو نوکریوں سے فارغ کیا جا رہا ہے جبکہ باقی پائلٹس کی تنخواہوں میں کمی کی جا رہی ہے جو کہ 15 سے 25 فیصد تک ہو گی۔

تاہم یہ کٹوتی قطری ملازمین کی تنخواہوں میں سے نہیں ہو گی، بلکہ غیر ملکی ملازمین کی تنخواہوں میں سے کی جائے گی۔ اس حوالے سے قطر ایئر ویز کی جانب سے اپنے ملازمین کو ایک آفیشل ای میل کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے۔ تاہم ایئر لائن کے ترجمان نے اس حوالے سے فی الحال کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

روئٹرز کا دعویٰ ہے کہ قطر ایئر ویز کی جانب سے اپنے بیشتر ملازمین کو کئی مہینوں کی تنخواہ ادا نہیں گی گئی۔

قطر ایئر ویزکی جانب سے کچھ عرصہ قبل کہا گیا تھا کہ کمپنی کے کل 40 ہزار میں سے 20 فیصد ملازمین کو برطرف کیا جائے گا تاہم بعد میں کمپنی کا بیان سامنے آیا کہ 20 فیصد سے کم ملازمین کو برطرف کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سینکڑوں ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کے علاوہ ایمریٹس اور اتحاد ایئر لائنز نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی بھی کر دی ہے۔

دونوں ایئر لائنز کی جانب سے اپنے ملازمین کو ستمبر 2020ء تک کم تنخواہ دی جائے گی۔خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایمریٹس نے اپنے ملازمین کو ایک آفیشل ای میل بھیجی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایمریٹس نے تین ماہ کے لیے جو تنخواہوں میں کٹوتی کا اعلان کیا تھا اس کی مُدت بڑھا کر30 ستمبر 2020ء تک کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل تنخواہوں میں کٹوتی کا یہ دورانیہ اس مہینے جون میں ختم ہونا تھا۔

ای میل کے مطابق کچھ کیسز میں تنخواہوں میں زیادہ کٹوتی ہوگی، جو کہ پچاس فیصد تک ہو سکتی ہے۔ ای میل میں یہ بھی لکھا تھا کہ یہ فیصلہ کمپنی کی کیش کی صورتحال کو بچانے کے لیے تمام آپشنز کا جائزہ لینے کے بعد کیا جارہا ہے۔امارات کی حکومت کا ایمریٹس گروپ نے اس بارے میں کوئی بیان دینے روئٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔واضح رہے کہ اپریل سے ایمریٹس نے بنیادی تنخواہیں تین ماہ کے لیے 25 سے 50 فیصد تک کم کی تھیں، تاہم یہ کٹوتی کم درجے والے ملازمین پر لاگو نہیں کی گئی تھی۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں