قطر نے ویزہ سسٹم کو آسان بناتے ہوئے ھیا پلیٹ فارم کو وسعت دے دی

غیرملکی سیاحت، علاج یا کاروباری ملاقاتوں سمیت مختلف مقاصد کیلئے ویزہ درخواستیں دے سکیں گے

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 مئی 2023 16:28

قطر نے ویزہ سسٹم کو آسان بناتے ہوئے ھیا پلیٹ فارم کو وسعت دے دی
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2023ء) قطر کی جانب سے ھیا پلیٹ فارم کو ویزوں کے عمل کے لیے وسعت دے دی گئی، فوری طور پر مؤثر فیصلے کے تحت ویزہ کے خواہشمند افراد اب ھیا پلیٹ فارم یا اس کی اسمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے سیاحت، علاج یا کاروباری ملاقاتوں سمیت مختلف مقاصد کے ویزوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق نئے فیصلے کے تحت خاص طور پر خلیجی ملک کا ویزہ حاصل کرنے کے خواہاں غیرملکی شہری، خلیج تعاون کونسل (GCC) کے رہائشی، جی سی سی کے شہریوں کے ساتھ سفر کرنے والی ان کی فیملی اور وہ افراد جو الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ETA) کے لیے اہل ہیں، ویزہ درخواستیں جمع کرواسکیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ غیر ملکی شہریوں کے لیے ھیا پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کیے گئے ویزوں کے تحت قطر میں ملازمت کرنے کی اجازت نہیں ہے، تاہم ان پر ہلکی کاروباری سرگرمیوں جیسا کہ میٹنگز یا تقریبات میں شرکت کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، بشرطیکہ ویزہ حاصل کرنے کے لیے دی گئی درخواست میں دورے کا مقصد بھی یہی بتایا گیا ہو۔

(جاری ہے)

بتاتے چلیں کہ جی سی سی کے شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی عید کی چھٹیاں قطر میں گزارنے کو ترجیح دی ہے تاکہ اس دوران ملک بھر میں پیش کیے جانے والی مختلف سرگرمیوں اور تفریحی پروگراموں سے لطف اندوز ہو سکیں، کیوں کہ فیفا ورلڈ کپ قطر 2022ء کے شاندار اور کامیاب انعقاد نے ملک کے مثبت امیج کو فروغ دیا، جس سے جی سی سی خطے کے بہت سے لوگ قطر آنے کے لیے بے حد خواہشمند ہیں تاکہ ملک کو خود سے ایکسپلور کرسکیں۔

بتایا گیا ہے کہ سیاحوں نے قطر کو جی سی سی خاندانوں کے لیے سب سے زیادہ پرکشش اور بہت زیادہ مطلوب سیاحتی مقامات میں سے ایک سمجھا کیوں کہ یہ ملک خاندان کے تمام اراکین خاص طور پر بچوں کو جی سی سی کے سیاحوں کو ترجیح دی جانے والی پرائیویسی کے علاوہ ان کی ضرورت کے مطابق مواقع دیتا ہے، قطر سیاحوں کو اعلیٰ لگژری ہوٹلوں اور اپارٹمنٹس کے ساتھ رہائش کے مختلف اختیارات اور سیاحوں کے لیے دیگر سستے اختیارات فراہم کرتا ہے، اس کے علاوہ ریاست جی سی سی کے سیاحوں کو زمینی سرحدی کراسنگ پر تمام ضروری سہولیات فراہم کرتی ہے تاکہ ملک میں داخلے کے عمل کو پریشانی سے پاک کیا جا سکے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں