سعودی کو قتل کرنے والا پاکستانی کارکن اپنے انجام کو پہنچ گیا

محمدبلال بٹ واردات کے بعد کافی عرصہ مفرور رہا تھا

جمعرات 10 جنوری 2019 15:15

سعودی کو قتل کرنے والا پاکستانی کارکن اپنے انجام کو پہنچ گیا
دمام(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2019ء ) سعودی وزارت داخلہ نے ایک اعلامیے کے ذریعے بتایا ہے کہ قتل کے پاکستانی مجرم محمد بلال بٹ ولد اختر علی کا گزشتہ روز سر قلم کر دیا گیا۔ مجرم سعودی مملکت میں روزگار کی غرض سے مقیم تھا۔ اُس کی ایک سعودی شہری عبداللہ الحربی سے کسی بات پر تکرا رہوئی تھی جس دوران مجرم نے طیش میں آ کر سعودی شہری کو لوہے کی سلاخ سر پر دے ماری۔

سعودی شہری کا اس حملے میں سر کھُل جانے کے باعث موت واقع ہو گئی تھی۔ جس کے بعد محمد بلال بٹ موقع سے فرار ہو گیا تھا اور کافی عرصہ مملکت میں رُوپوش ہی رہا۔ بالآخر پولیس نے اُس کا سراغ لگا کر اُسے گرفتار کر لیا۔ مقامی عدالت کی جانب سے پاکستانی شہری کو ایک سعودی کے قتل کے الزام میں سزائے موت سُنائی گئی تھی جس پر حکام کی جانب سے عمل کرتے ہوئے گزشتہ روز اُس کا سر قلم کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اب سے چند روز قبل بھی جدہ ایئرپورٹ پر منشیات کی سمگلنگ کی کوشش کے دوران گرفتار ہونے والے پاکستانی اسمگلر نذار احمد ولد گُل احمد کا عدالتی حکم کے مطابق سر قلم کیا گیا تھا۔ جدہ ایئر پورٹ پرنذار احمد کے سامان کی تلاشی لینے پراُس میں سے منشیات برآمد ہوئی جس پر اُسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں اُسے موت کی سزا سُنائی گئی تھی۔اس سے قبل دسمبر 2018ء میں ایک اور پاکستانی اسمگلر شاہد اقبال کا عدالتی حکم کے مطابق سر قلم کر دیا گیا۔ شاہد اقبال اپنے پیٹ میں ہیروئن چھْپا کر مملکت میں اسمگل کرنے کی کوشش میں تھا، تاہم ایئرپورٹ حکام نے شک گزرنے پر اْسے گرفتار کرلیا تھا۔

الدمام میں شائع ہونے والی مزید خبریں