سعودی عرب میں انتہائی انوکھا ٹریفک حادثہ رُونما

جس جگہ ٹریفک حادثے میں نوجوان کی موت ہوئی، نوجوان کا والد بھی 14 سال قبل اسی مقام پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 جون 2019 13:27

سعودی عرب میں انتہائی انوکھا ٹریفک حادثہ رُونما
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13جُون 2019) سعودی عرب میں گزشتہ روزایک ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک سعودی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ صوبہ جزان میں سعودی ہلالِ احمر کے ترجمان بِشی السرخی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں مرنے والا 28 سالہ سعودی نوجوان سرحدی محافظ کی ملازمت کرتا تھا، جو صبح صبح اپنی ڈیوٹی کے لیے روانہ ہوا تھا کہ اس کی گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا۔

یہ حادثہ جزان کے علاقے خاشی میں پیش آیا۔جب ایمنبولیس اور طبی امداد کی ٹیم موقع پر پہنچی تو نوجوان کی حالت بہت تشویشناک تھی۔ جسے فوری طور پر مقامی ہسپتال لے جایا گیا مگر وہاں ڈاکٹروں نے اُس کی موت کا اعلان کر دیا۔ متوفی کے چچا نے بتایا کہ طوفانی بارش کے دوران گاڑی چلانے کے باعث اُس کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔

(جاری ہے)

گیلی سڑک پر پھسلن ہونے کے باعث گاڑی اُلٹ گئی۔

جس کے باعث نوجوان شدید زخمی ہوا اور پھر جہانِ فانی سے کُوچ کر گیا۔ متوفی کے چچا نے یہ بتا کر سب کو حیران کر دیا کہ بدقسمت نوجوان کا والد بھی ٹھیک اسی مقام پرٹریفک حادثے کا شکار ہو کر زندگی سے محروم ہو گیا تھا جہاں پر اس نوجوان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ نوجوان کے والد کے ساتھ یہ واقعہ آج سے چودہ سال قبل پیش آیا تھا۔ یقینا ایسا ہونا بہت اچنبھے کی بات ہے۔ کیونکہ اس طرح کے اتفاقات بہت کم رُونما ہوتے ہیں۔ سعودی عرب میں اس واقعے کو بہت حیرت انگیز اور چونکا دینے والا قرار دیا جا رہا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں