جدہ کی بندرگاہ کے قریب ایرانی تیل بردار جہاز پر راکٹوں سے حملہ

ایرانی حکام کے مطابق اس حملے سے جہاز میں سے تیل بہنا شروع ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 11 اکتوبر 2019 13:46

جدہ کی بندرگاہ کے قریب ایرانی تیل بردار جہاز پر راکٹوں سے حملہ
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11اکتوبر2019ء) امریکی خبر رساں ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کی بندرگاہ کے قریب ایرانی تیل بردار جہاز پر 2 راکٹوں سے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بحری جہاز میں موجود آئل ٹینکر میں دھماکہ ہواہے۔ اور 2 سٹور رومز کو نقصان پہنچنے کے بعد بحیرہ احمر میں تیل بہنا شروع ہو گیا ہے۔

ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اس متاثرہ جہاز کی شناخت سبیتی کے نام سے ہوئی ہے۔ تاہم اس حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی سعودی حکام کی جانب سے امریکی خبر رساں ادارے کو کوئی فوری ردِ عمل دیا گیا ہے۔جبکہ مشرق وسطیٰ میں امریکی نیوی کے 5 ویں بیڑے کے ترجمان کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ ان تک بھی ایرانی حکام کے دعوؤں کی رپورٹس پہنچی ہیں، مگر ترجمان کی جانب سے بھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی عرب میں ایران کے درمیان تعلقات اس وقت انتہائی کشیدہ صورتِ حال اختیار کر چکے ہیں۔ اس کی وجہ گزشتہ دِنوں سعودی آرامکو تنصیبات پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملے تھے، اگرچہ ان حملوں کی ذمہ داری ایرانی نواز حوثی ملیشیا نے قبول کی تھی، تاہم سعودی قیادت اور دیگر اتحادی ممالک کی جانب سے ان حملوں کے لیے ایران کو براہِ راست الزام دیا گیا تھا۔ سعودی قیادت کا یہ دعویٰ تھا کہ ان حملوں کے لیے یمن کی بجائے ایران کی ہی سرزمین استعمال کی گئی ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں