سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریض کی ویڈیو وائرل ہو گئی

سعودی وزارت صحت کی جانب سے معاملے پر وضاحت کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 فروری 2020 13:13

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریض کی ویڈیو وائرل ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8فروری 2020ء) اس وقت دُنیا بھر پر کرونا وائرس کا خوف بھُوت بن کر منڈلا رہا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس میں ہلاکتوں کی تعداد700 سے زائد ہو گئی ہے۔ 25 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جبکہ دو درجن سے زائد ممالک میں بھی کرونا وائرس کے مریض پہنچ چکے ہیں۔ سعودی عرب میں بھی عوام اور تارکین وطن کرونا وائرس کے حوالے سے خاصی فکر مندی اور تشویش میں مبتلا ہیں۔

چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے سعودی عرب میں مقیم لوگوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ اس ویڈیو میں یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ سعودی مملکت میں بھی کرونا وائرس پہنچ چکا ہے جس کا علاج جاری ہے۔ اس ویڈیو پر صارفین نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر عوام سے حقائق چھُپا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اگر کرونا وائرس کا کوئی مریض ہے تو وزارت صحت کو اس بارے میں کھُل کر حقائق بیان کرنے چاہئیں۔

تاہم اس ویڈیو کے حوالے سے سعودی وزارت صحت کا موقف سامنے آ گیا ہے۔ سبق ویب سائٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے واضح کیا ہے ہے کہ سوشل میڈیا پر کرونا وائرس سے متعلق وڈیو جعلی ہے، جس کا سعودی عرب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ڈاکٹر العبد العالی کا مزید کہنا تھا کہ اس ویڈیو کو سعودی عرب سے منسوب کیا جا رہا ہے، جو سراسر بے بنیاد بات ہے۔

سعودی عرب ابھی تک کورونا وائرس سے پُوری طرح پاک ہے۔ اگر مستقبل میں مملکت میں کورونا وائرس کا کوئی مریض ریکارڈ پر آ گیا تو عوام کو فوری طور پر ا س سے آگاہ کیا جائے گا۔ عوام سوشل میڈیا پر یقین کرنے کی بجائے سرکاری ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کو ہی مستند جانیں۔ترجمان کے مطابق ’چین سے براہِ راست سعودی عرب پہنچنے والے مسافروں کی تعداد 1365ہے جن کی ایئر پورٹس پر سکریننگ کرنے کے بعد انہیں کرونا وائرس سے کلیئر قرار دیا گیا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں