جدہ میں شہریوں کو مردہ مرغیاں کھلائے جانے کا انکشاف

میونسپلٹی نے المنتزھات کے علاقے میں واقع ایک غیر قانونی پولٹری فارم کو سِیل کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 فروری 2020 13:35

جدہ میں شہریوں کو مردہ مرغیاں کھلائے جانے کا انکشاف
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2020ء) سعودی عرب میں مقیم افراد کی صحت اور زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام بلدیات بہت سرگرم رہتی تھیں اور کسی بھی غذائی مرکز پر حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی یا زائد المیعاد اشیاء فروخت کرنے کی صورت میں ا س پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جاتا ہے اور کئی بار انہیں سربمہر بھی کر دیا جاتا ہے۔

جدہ میونسپلٹی کی جانب سے تازہ ترین کارروائی کی تفصیل سامنے آئی ہے۔ سعودی ویب سائٹ سبق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جدہ کے علاقے المنتزھات میں ایک غیر قانونی پولٹری فارم پر چھاپہ مارا گیا کیونکہ اس کے بارے میں مخبری کی گئی تھی کہ یہاں سے لوگوں کو مردہ مرغیاں سپلائی کی جا رہی تھیں۔ اس کے علاوہ زندہ مرغیوں کی فروخت بھی کی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر جب چھاپہ مارا گیا تو یہاں پر کئی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

اس پولٹری فارم میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے تھے اور حفظانِ صحت کے بنیادی اصولوں کی دھجیاں بکھیری گئی تھیں۔ یہاں پر مرغیوں کی پیکنگ پر کوئی تاریخ بھی درج نہیں کی گئی تھی۔ میونسپلٹی نے یہ چھاپہ وزارت ماحولیات و زراعت کے تعاون سے مارا گیا۔ اس غیر قانونی پولٹری فارم پر موجود آلات، ریفریجریٹر اور پنجرے ضبط کرلیے گئے۔ اس کے علاوہ ضبط کیا گیا تمام گوشت اور مرغیاں بھی تلف کر دی گئیں۔

واضح رہے کہ مکّہ مکرمہ میونسپلٹی کی جانب سے مضر صحت گوشت اور سبزیوں و پھلوں کی فروخت روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کیے جا رہے ہیں، ان چھاپوں کے دوران ناقابل استعمال غذائی اشیاء ضبط کرنے کے علاوہ فروخت کرنے والوں کو بھی گرفتار کر کے ان پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔چند روز قبل بھی بلدیہ اہلکاروں پر مشتمل ایک انسپکشن ٹیم نے نکاسہ مارکیٹ کا دورہ کیا۔

جس دوران وہاں پر ٹھیلوں اور دُکانوں پر فروخت کی جانے والی 70 ٹن غذائی اشیاء تحویل میں لینے کے بعد تلف کر دی گئیں۔ جن میں مضر صحت اور زائد المیعاد گوشت، مچھلیاں، پھل اور سبزیاں شامل تھیں۔ جبکہ غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے درجنوں غیر مُلکی بھی گرفتار کر لیے گئے، جن میں متعدد پاکستانی بھی شامل ہیں۔ گرفتار شدگان کی بڑی تعداد غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھی۔

جنہیں ڈی پورٹ کرنے کی خاطر جلد ہی شمیسی جیل منتقل کر دیا جائے گا۔ بلدیہ اہلکاروں نے بتایا کہ نکاسہ مارکیٹ میں غیر قانونی تارکین ریڑھیاں اور ٹھیلے لگا کر پھل سبزیاں اور دیگر غذائی اجناس فروخت کر رہے تھے جن میں سے زیادہ تر صحت عامہ کے لیے نقصان دہ تھیں۔ چھاپے کے وقت یہ غیر قانونی ٹھیلے والے اپنا سامان چھوڑ کر وہاں سے بھاگ نکلے تاہم چند ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔ جنہیں ڈی پورٹ کے مراحل کی تکمیل کے لیے متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہاں جو مضر صحت غذائی اشیاء ضبط کی گئیں اُنہیں لوگوں کو سستے داموں بیچے جانے کا جھانسہ دیا جا رہا تھا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں