سعودیہ میں گرمی کی شدید ترین لہر آ گئی،مکہ اور مدینہ میں ٹمپریچر 50 ڈگری تک پہنچ جائے گا

محکمہ موسمیات کے مطابق اس بار جدہ، مکہ معظمہ، مدینہ منورہ، ینبع سمیت کئی علاقوں میں گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 11 جون 2021 10:33

سعودیہ میں گرمی کی شدید ترین لہر آ گئی،مکہ اور مدینہ میں ٹمپریچر 50 ڈگری تک پہنچ جائے گا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جون 2021ء) سعودی عرب میں سورج اس وقت گرمی نہیں، بلکہ آگ کا قہر برسا رہا ہے۔ اس بار سعودی عرب میں لگتا ہے جیسے گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔سعودی محکمہ موسمیات نے ایک بُری خبر سُنا دی ہے جس کے مطابق کل ہفتہ کے روز سے مملکت میں گرمی کی شدید لہر آ رہی ہے جس کے بعد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیامت کی گرمی پڑے گی۔

ان دونوں شہروں میں درجہ حرارت (سائے میں) 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔ اس کے علاوہ دیگر کئی مقامات پر بھی گرمی کی اس لہر کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔ آج جمعہ کے روز بھی سب سے زیادہ گرمی مکہ مکرمہ میں پڑ رہی ہے جہاں دوپہر کو درجہ حرارت 48 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سعودیہ کے متعدد علاقوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری سے 50 ڈگری کے درمیان رہے گا۔

(جاری ہے)

مکہ اور مدینہ ریجن سمیت کئی ساحلی مقامات پر گرد و غبار سے بھرپور تیز ہوائیں چلیں گی۔ جس سے حدِ نگاہ بُری طرح متاثر ہو گی اور ڈرائیورز کو بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آج جازان، باحہ اور عسیر کے بالائی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سعودیہ میں گرمی کی شدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ دو روز پہلے دُنیا کے گرم ترین مقامات میں سعودی شہر یبنع کو بھی شامل کیا گیا تھا جہاں ٹمپریچر 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا، جو کہ اس روز گرمی کے اعتبار سے دُنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سعودی ماہر موسمیات عبداللہ المسند نے بھی پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز میں سعودی عرب کے پانچ جزیرے سخت گرمی کی لپیٹ میں آئیں گے۔جبکہ سعودی محکمہ موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے بھی بتایا ہے کہ اس بار مملکت میں موسم گرما شدید ترین ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار سب سے زیادہ گرمی جدہ میں پڑے گی جہاں درجہ حرارت 53ڈگری تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔

اس سے پہلے 2010ء میں بھی اس شہر میں چھاؤں میں درجہ حرارت52.3 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔سعودی ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ نئی لہر سے سعودیہ کے پانچ علاقے گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔ جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، الربع الخالی، الشرقیہ کے علاقے، ریاض اور قصیم شامل ہیں۔ اس نئی لہر کے بعد مملکت میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے 49 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں