سعودیہ کے شہر جدہ کے ایک گودام میں خوفناک آتش زدگی، ہر طرف دھوئیں کے کالے بادل چھا گئے

14 سو مربع میٹر پھیلے گودام میں رکھا کیمیکل کا وسیع ذخیرہ جل کر ضائع ہو گیا، لاکھوں ریال کا نقصان ہوا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 جون 2021 12:58

سعودیہ کے شہر جدہ کے ایک گودام میں خوفناک آتش زدگی، ہر طرف دھوئیں کے کالے بادل چھا گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 جون2021ء) سعودی عرب میں گرمی کے موسم میں بڑے شہروں میں تجاراتی مراکز، رہائشی عمارتوں اور گوداموں میں آتش زدگی کے واقعات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔موسم گرما کے آغا ز پر ایسے واقعات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔اب ایسا ہی ایک اور واقعہ پیش آیا ہے تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق جدہ کے جنوبی علاقے الخمرہ کے ایک کیمیکل گودام میں گزشتہ روز شدید آگ بھڑک اُٹھی جس نے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے 14 سو مربع میٹر پر پھیلے گودام کے مالک کا لاکھوں ریال کا نقصان ہو گیا ہے۔

محکمہ شہری دفاع کے مطابق جب فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کے لیے پہنچا تو ہر طرف دھوئیں کے کالے بادل چھائے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ انتہائی شدید گرمی میں اس بڑی آتش زدگی پر قابو پانا خاصا مشکل کام تھا۔

تاہم ماہر عملے نے خاصی دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا کر آس پاس کے گوداموں کو آتش زدگی سے بچا لیا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ریاض کے ایک بازار میں آگ بھڑک اُٹھی تھی تاہم اس آگ پر جلد قابو پا لیا گیا تھا۔

شہری دفاع کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا تھاکہ اس واقعے میں مالی نقصان ہوا ہے تاہم کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔ کچھ روز قبل سعودیہ میں آتش زدگی کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعد د زخمی ہو گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سعودیہ کے مشرقی صوبے کے شہر الخبر میں رات 12 بجے ایک ریسٹورنٹ میں موجود گیس سلنڈر پھٹ گئے ، جس سے ایک شخص کی ہلاکت ہو گئی اور 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

شہری دفاع کے محکمے کے مطابق یہ واقعہ العقربیہ کے علاقے میں پیش آیا تھا جس میں ریسٹورنٹ اور آس پاس کی دُکانیں منہدم ہو گئی تھیں۔اس واقعے میں ریسٹورنٹس اور اس سے ملحقہ 8 دُکانیں بھی متاثر ہوئی تھیں۔اس سے پہلے ریاض کے ایک شاپنگ سنٹر میں آگ لگنے سے ایک خاتون کی ہلاکت ہو گئی تھی اور پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔آتش زدگی کا یہ واقعہ ریاض کے علاقے الدیرہ کے ایک تین منزلہ شاپنگ سنٹر میں پیش آیا تھا۔

آگ لگنے سے بھگدڑ مچ گئی تھی۔ اس واقعے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی تھی جبکہ پانچ افراد بُری طرح جُھلس گئے ہیں جنہیں علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیاگیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی ٹیمیں پہنچ گئی تھیں۔ آتشزدگی سے ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا تھا تاہم مستعد فائر فائٹرز نے خاصی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ اس تین منزلہ شاپنگ سنٹر کو فوری طور پر لوگوں سے خالی کرا لیا گیا تھا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں