”مسافروں کی گنتی بڑھنے پر سعودیہ کے لیے مزید فلائٹس چلا سکتے ہیں“

پی آئی اے نے اہم اعلان کر دیا، ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہو گا ، سفر سے قبل پی سی آر ٹیسٹ بھی لازمی کروانا ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 26 اگست 2021 09:26

”مسافروں کی گنتی بڑھنے پر سعودیہ کے لیے مزید فلائٹس چلا سکتے ہیں“
 ریاض (اْردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26اگست2021ء ) سعودی حکام نے پاکستان سمیت گیارہ ممالک میں پھنسے سعودی ویزہ ہولڈرز کو مملکت واپسی کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ سعودی حکومت کے مطابق جن افراد نے کورونا ویکسین دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں، وہ مملکت واپس آ سکتے ہیں ۔ اس اعلان کے بعد پاکستان میں پھنسے ہزاروں ویزہ ہولڈرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگوں کی ایک بڑی گنتی ٹکٹ بک کروانے کے لیے ٹریول ایجنٹس سے رابطہ کر رہی ہے۔

اس حوالے سے پی آئی اے کی جانب سے بھی اہم اعلان کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اُردو نیوز کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سول ایوی ایشن کی جانب سے پاکستان سے مسافر پروازوں کی روانگی کا اجازت نامہ موصول ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد پی آئی اے کی اگلے چند روز میں بڑی گنتی میں پروازیں سعودیہ روانہ ہوں گی۔ ترجمان نے بتایا کہ اگر مسافروں کی تعداد بہت زیادہ ہوئی تو سعودی شہروں کے لیے اضافی پروازیں چلائی جا سکتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے نے سعودی عرب میں فلائٹ آپریشن معطل نہیں کیا تھا، ریاض اور جدہ سے کچھ فلائٹس مسلسل پاکستانیوں کو وطن لے کر آ رہی ہیں۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایویشن کی جانب سے جاری شدہ سرکلر کے مطابق وہ عمرہ زائرین جنہوں نے کوئی بھی ایک منظور شدہ ویکسین لگوائی ہو وہ سعودی عرب آنے کے اہل ہوں گے۔لیکن ان تمام افراد کو اپنے ممالک کی جانب سے جاری شدہ ویکسی نیشن سرٹفکیٹ اپنے ساتھ رکھنا ہوگا اور سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل کورونا وائرس کا پی سی آر ٹیسٹ بھی لازمی کرانا ہوگا۔جن افراد نے سائنو فارم یا سائنو ویک کی ویکسین لگوا رکھی ہے، انہیں سعودیہ میں منظور شدہ کسی بھی ویکسین کا بوسٹر شاٹ بھی لگوانا ہو گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں