سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 2 پاکستانی گرفتار

جدہ سے پکڑے گئے ملزمان کے قبضے سے 3.35 کلو گرام منشیات امیتھیمفیٹامائن ضبط کی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 14 مارچ 2023 11:15

سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 2 پاکستانی گرفتار
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 مارچ 2023ء ) سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 2 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ فار نارکوٹکس کنٹرول نے جدہ گورنری میں 2 پاکستانی باشندوں کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے 3.35 کلو گرام منشیات امیتھیمفیٹامائن ضبط کرلی گئی، گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کے لیے انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے انسداد منشیات کمیشن نے کہا کہ سعودی عرب میں منشیات کے دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے، ہہلی بار اس جرم کے مرتکب کو قید کوڑے اور جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں جب کہ دوبارہ جرم کے ارتکاب پر مجرم کو سخت سزا دی جاتی ہے جس میں سزائے موت بھی ہو سکتی ہے، تاہم سزا کی نوعیت عدالت کی صوابدید پر منحصر ہے۔

(جاری ہے)

ادھر سعودی عرب نے ٹماٹر اور انار کی کھیپ میں چھپائی گئی 20 لاکھ نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی (ZATCA) نے الحدیدہ بندرگاہ پر 20 لاکھ 15 ہزار 116 کیپٹاگون گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، جو بندرگاہ کے ذریعے مملکت آنے والی کھیپ میں چھپائی گئی تھیں، سعودیہ آنے والے ٹرکوں میں سے ایک پر ٹماٹر اور انار کی کھیپ کو لے جایا جارہا تھا کہ اس دوران ایک گاڑی کے معمول کے معائنے کے دوران ٹماٹر اور انار کے درمیان میں چھپائی گئی منشیات برآمد ہوئی۔

چند روز قبل سعودی عرب اور قطر نے 40 لاکھ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ ناکام بنائی تھی، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (GDNC) کے ترجمان محمد النجیدی نے بتایا کہ انہوں نے قطر میں اپنے ہم منصبوں کے تعاون سے ریاض میں 40 لاکھ 91 ہزار 250 ایمفیٹامین گولیاں سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، اس مقصد کے لیے جدہ اسلامی بندرگاہوں میں زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی (ZATCA) کے ساتھ بھی تعاون کیا گیا، جس کی وجہ سے سعودی عرب اور اس کے نوجوانوں کی سلامتی کو نشانہ بنانے والے منشیات کی اسمگلنگ اور پروموشن نیٹ ورکس کی پیروی کے نتیجے میں ایمفیٹامین گولیوں کی اس بڑی مقدار کو ناکام بنایا گیا، ایمفیٹامائن کی گولیاں مویشیوں کے چارے کی ایک کھیپ میں چھپائی گئی پائی گئی تھیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں