سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی تعاون کے ایگزیکٹو پلان پر دستخط

معاہدے کے تحت سعودی وزارت دفاع اپنی افواج کی صلاحیت بڑھانے کیلئے ترکیہ سے ڈرونز حاصل کرے گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 19 جولائی 2023 10:30

سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی تعاون کے ایگزیکٹو پلان پر دستخط
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 جولائی 2023ء ) سعودی عرب اور ترکیہ نے دفاعی تعاون کے ایگزیکٹو پلان پر دستخط کر دیئے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے جدہ میں ترک وزیر دفاع یاشار گلر کے ساتھ دفاعی تعاون کے ایگزیکٹو پلان پر دستخط کیے، سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ یہ اقدام دونوں دوست ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری شعبے میں تعاون کی نئی جہت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع اور ترکیہ کی بایکار ڈیفنس انڈسٹریز کمپنی کے درمیان دومعاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن کے مطابق وزارت دفاع ڈرونز حاصل کرے گی، اس کا مقصد مسلح افواج کی استعداد کو بڑھانا اور مملکت کے دفاع کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔ اسی حوالے سے ترک وزیر دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی وزارت دفاع کے ساتھ معاہدے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ پیداوار میں تعاون شامل ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سعودی عرب پہنچے ہیں، مملکت پہنچنے پر ان کے اعزاز میں ایک سرکاری استقبالیہ دیا گیا جہاں شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا، اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے حجم میں ایک ایسے وقت میں اضافہ متوقع ہے جب دونوں ملکوں کی جانب سے ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کا حجم بڑھانے کے خواہش ظاہر کی گئی ہے، استنبول کے ہوائی اڈے سے ٹیک آف کرنے سے پہلے ترک صدر نے کہا کہ اس دورے کی دو اہم ترجیحات ہیں جن میں سرمایہ کاری اور ایک مالی جہت شامل ہے، ترکیہ کے پاس دفاعی صنعت، انفراسٹرکچر اور سپر اسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے سنجیدہ مواقع ہوں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ سعودی ترک بزنس کونسل کے اجلاس جدہ میں شروع ہوئے، ملاقاتوں میں ترکیہ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھنے والی سعودی کمپنیوں اور تاجروں نے شرکت کی، ان اجلاسوں میں سعودی عرب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی 200 سے زیادہ ترک کاروباری شخصیات موجود ہیں، دونوں فریقوں نے دفاع اور سرمایہ کاری کے شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کیے، جن میں کان کنی، توانائی، صحت کی دیکھ بھال، غذائیت، زراعت، رئیل اسٹیٹ، تعمیرات اور سیاحت سمیت اقتصادی شعبے شامل ہیں۔

اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سعودی عرب میں تقریبا 390 ترک کمپنیاں کام کر رہی ہیں، لگ بھگ ایک ہزار 140 سعودی کمپنیاں ترکیہ میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، اس سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران سعودی عرب میں ترکیہ کی برآمدات کی مالیت تقریبا 781 ملین ڈالر رہی، دونوں ملکوں کے درمیان آپس کی تجارت 2017ء میں 4.5 بلین ڈالر سے بڑھ کر 2022ء میں 6.1 بلین ڈالر تک پہنچ گئی تھی، گزشتہ برس سعودی عرب کو ترکیہ کی برآمدات 1.05 بلین ڈالر تھیں جو 2021 کے اعداد و شمار سے زیادہ ہے، 2021 میں یہ برآمدات تقریبا 250 ملین ڈالر رہی تھیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں