سعودی عرب میں کام کی خلاف ورزیوں کی فہرست میں تبدیلی

کارکنوں سے متعلق متعلقہ خلاف ورزیوں پر عائد جرمانے میں 60 فیصد سے زائد کمی کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 12 اگست 2023 12:59

سعودی عرب میں کام کی خلاف ورزیوں کی فہرست میں تبدیلی
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست2023ء) سعودی عرب نے مزدوروں سے متعلق خلاف ورزیوں پر جرمانے میں کمی کردی۔ گلف نیوز کے مطابق مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی عرب نے کام کی خلاف ورزیوں کی فہرست میں تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں جن میں متعلقہ خلاف ورزیوں پر عائد جرمانے میں 60 فیصد سے زیادہ مجوزہ کمی بھی شامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مملکت میں اداروں کی درجہ بندی ان کے ملازمین کی تعداد کے لحاظ سے کی جاتی ہے، زمرہ A سے مراد ایک اسٹیبلشمنٹ ہے جس میں 50 یا اس سے زیادہ کارکن کام کرتے ہیں، زمرہ B میں 21 سے 49 کارکنوں کو ملازمت دینے والے اداروں کا احاطہ کیا گیا ہے جب کہ زمرہ C میں ایسے ادارے شامل ہیں، جن میں سے ہر ایک میں 20 یا اس سے کم کارکن ہیں۔

انسانی وسائل کی وزارت کی ترامیم سے معلوم ہوا ہے کہ آجر کی جانب سے حفاظتی اور پیشہ ورانہ صحت کے قواعد کی پابندی نہ کرنے پر عائد جرمانہ A زمرہ کے اداروں کے لیے 10 ہزار ریال سے کم کرکے 5 ہزار ریال کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں، ورکر اور فیملی ممبرز کے لیے میڈیکل انشورنس فراہم کرنے میں ناکامی پر جرمانے کیٹیگری A کے اداروں کے لیے 10 ہزار ریال سے کم ہوکر 1 ہزار ریال، کیٹیگری B کے اداروں کے لیے 5 ہزار ریال سے 500 ریال اور زمرہ سی کے اداروں کے لیے بالترتیب 3 ہزار ریال سے 300 سعودی ریال تک کم کر دیے گئے ہیں، اس دوران بچوں کو ملازمت دینے پر عائد جرمانہ 20 ہزار ریال سے کم کرکے 2 ہزار ریال کر دیا گیا ہے جب کہ بچے کی پیدائش کے بعد چھ ہفتوں کے دوران کسی خاتون ورکر کو ملازمت پر رکھنے پر اب جرمانہ 10 ہزار ریال کی بجائے 1 ہزار ریال رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ان ہی ترامیم کے تحت سعودی شہریوں تک محدود ملازمتوں میں غیر ملکیوں کو ملازمت دینے یا لوکلائزیشن فیصد کی پابندی نہ کرنے پر عائد جرمانے A زمرہ کے لیے 20 ہزار ریال سے کم کرکے 8 ہزار ریال، زمرہ B کے لیے 10 ہزار ریال سے کم کرکے 4 ہزار ریال کر دیے گئے ہیں اور زمرہ C کے لیے 2 ہزار ریال سے کم کرکے 500 ریال کردیا گیا ہے، اسی ترمیم کا اطلاق سعودی شہری کو حقیقی کام فراہم کیے بغیر کارکنوں کی فہرست میں برائے نام رجسٹر کرنے کی خلاف ورزی پر ہوتا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں