ریاض اور مشرقی ریجن میں طوفانی بارش، کئی علاقے زیر آب آ گئے

آج بھی ریاض اور مشرقی ریجن کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھرپور امکان ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 11 دسمبر 2019 14:39

ریاض اور مشرقی ریجن میں طوفانی بارش، کئی علاقے زیر آب آ گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11دسمبر 2019ء) سعودی عرب کے بیشتر علاقے ایک بار پھر طوفانی بارشوں کی زد میں آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ٹویٹر پر بتایا گیا ہے کہ ریاض اور مشرقی ریجن میں طوفانی بارشیں ہوئی ہیں جس کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ اور اکثر مقامات پر گاڑیاں پانی میں پھنس گئی ہیں۔ کئی جگہ پر بارش کے پانی نے سیلابی ریلوں کی صورتِ حال اختیار کر لی ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج کے روز بھی ریاض اور مشرقی ریجن کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھرپور امکان ہے۔ مشرقی ریجن کی کمشنری الاحساء کی تحصیل حرض میں طوفانی بارشوں سے کئی علاقے سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔ جبکہ وادی الحریق، حوطہ بنی تمیم میں بھی اکثر مقامات پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ہے جس کے باعث راہگیروں اور گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

آج کئی علاقوں میں گرد و غبار کا طوفان بھی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو بھی مملکت کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشوں اور گرد و غبار کا طوفان اُٹھنے کا امکان ہے۔ جمعرات اور جمعہ کو مدینہ منورہ، حائل، مکہ مکرمہ، ریاض، قصیم، باحہ ، عسیر اور جازان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جبکہ کئی مقامات پر برف باری بھی ہو سکتی ہے۔

سعودی عرب میں رواں سیزن کے دوران طوفانی بارشیں ہوئی ہیں، جس کے باعث کروڑوں ریال کی املاک کا نقصان ہوا ہے، جبکہ درجنوں افراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔ چند روز بھی ہونے والی شدید بارشوں نے نظامِ زندگی بُری طرح معطل کر دیا تھا۔ تاہم اب سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کے بیشتر علاقوں میں سرد ی کی لہر شروع ہو جائے گی، اس بار سردی معمول سے کچھ بڑھ کر پڑے گی۔ سردی کی یہ لہر اگلے دو ہفتوں تک جاری رہے گی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں