سعودی لڑکی کو کار سمیت اغوا کرنے کی واردات، ملزمان پکڑے گئے

سعودی لڑکی نے چلتی کار سے چھلانگ لگا دی تھی، واقعے کی ویڈیو سامنے آ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 مئی 2021 10:51

سعودی لڑکی کو کار سمیت اغوا کرنے کی واردات، ملزمان پکڑے گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی2021ء) سعودی عرب میں ایک نوجوان لڑکی کو اس کی کار سمیت اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ یہ واردات ریاض کے علاقے میں پیش آئی تاہم لڑکی نے اپنی عزت بچانے کی خاطر چلتی کار سے چھلانگ لگا دی۔ پولیس نے واردات میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جو سعودی باشندے ہیں۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے
کہ رات کے وقت ایک سنسان مقام پر کار کھڑی ہے۔

اچانک ایک شخص ماسک پہنے وہاں سے گزرتا ہے اور اکیلی کھڑی گاڑ ی کو دیکھ کر چوری کا ارادہ بنا لیتا ہے۔ وہ پہلے دائیں بائیں دیکھ کر اچھی طرح تسلی کرتا ہے کہ کوئی اور شخص قریب موجود تو نہیں ہے۔ پھر وہ گاڑی کی طرف جاتاہے اور اندر جھانک کر دیکھتا ہے تو اسے ایک لڑکی برقعے میں ملبوس نظر آتی ہے جو غالباً اس وقت سو رہی تھی۔

(جاری ہے)

ملزم بڑی تسلی سے ان لاک گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ جاتا ہے اور گاڑی ریورس کر کے جونہی چلاتا ہے تو لڑکی کو پتا چل جاتا ہے کہ کوئی اجنبی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گیا ہے اور گاڑی چلا کر اسے کسی نامعلوم مقام کی جانب لے جانا چاہتا تھا۔

اس لڑکی نے انتہائی بدحواسی میں چلتی گاڑی سے اُترنے کا فیصلہ کیا اور اپنے اس ارادے میں کامیاب ہوگئی۔اس واقعے کی اطلاع پولیس کو فوری طور پر دی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق گاڑی چلانے والا ملزم فرار ہو گیا تھا اور اس نے اسے ایک خفیہ ٹھکانے پر چھپا دیا تھا۔ تاہم پولیس نے ملزم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسرے ملزم نے اس وارادت کو انجام دینے میں مرکزی ملزم کی مدد کی تھی۔

ریاض پولیس کے ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ پولیس نے ملزمان کی جانب سے چوری کی گئی کار کا پتا چلا کر اسے بازیاب کروا لیا۔ جبکہ دونوں ملزمان کو چوری اور لڑکی کو اغوا کرنے کے الزامات تحت گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان پر مقدمہ چلانے اور مزید تفتیش کی خاطر انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں