60 لاکھ ریال کی منی لانڈرنگ کرنے والا سعودی شہری اور اس کا غیر ملکی ساتھی پکڑا گیا

سعودی ملزم نے منی لانڈرنگ کے لیے فرضی کمپنی بنا رکھی تھی، وہ غیر ملکی کے اکاؤنٹ کا استعمال کر کے لاکھوں ریال بیرون ملک منتقل کر چکا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 جون 2021 10:01

60 لاکھ ریال کی منی لانڈرنگ کرنے والا سعودی شہری اور اس کا غیر ملکی ساتھی پکڑا گیا
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 جون 2020ء) سعودی عر ب میں ایک سعودی شہری اور اس کے معاون غیر ملکی کو لاکھوں روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے جُرم میں قید اور جرمانے کی سزا سُنا دی ہے۔ سعودی پبلک پراسیکیوشن کے مطابق مقامی باشندے کو منی لانڈرنگ پر3 سال قید ، 3 سال بیرون ملک سفر پر پابندی کی سزا سُنائی ہے اور اس کی 60 لاکھ ریال کی رقم بھی ضبط کر لی گئی ہے جو منی لانڈرنگ کے لیے باہر کے ملک بھجوائی جانی تھی۔

جبکہ اس جُرم میں اس کے معاون غیر ملکی کو قید کی سزا بھگتنے کے بعد ڈی پورٹ کرنے کا حکم سُنایا ہے اور اس کے آئندہ مملکت میں داخلے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔ پبلک پراسیکیوٹر کے ایک اہلکار کے مطابق سعودی شہری نے منی لانڈرنگ کے لیے ایک فرضی کمپنی بنا رکھی تھی۔

(جاری ہے)

اس نے ایک غیر ملکی کے ساتھ ملی بھُگت کر کے اس کے بیرون ملک اکاؤنٹ کے ذریعے رقم باہر بھجوانا شروع کی تھی۔

جس کے بدلے میں اسے ہر مہینے ایک معقول رقم دی جاتی تھی۔ یہ شخص لاکھوں ریال پہلے ہی باہر منتقل کروا چکا تھا اور اب مزید 60 لاکھ ریال کی رقم بھی غیر ملکی کے اکاؤنٹ کے ذریعے ٹرانسفر کروانے کی تیاریوں میں تھا۔ مگروہ اپنی اس بار کی کوشش میں کامیاب نہ ہو سکا۔تحقیقات کے دوران پتا چلا کہ ملزم نے ایک فرضی کمپنی کے ذریعے منی لانڈرنگ شروع کر رکھی تھی۔

جس کے بعد اسے اور اس کے معاون غیر ملکی کو گرفتار کر لیا گیا۔ پبلک پراسیکیوشن نے مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کو خبردارکیا ہے کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹس کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، ورنہ انہیں قید اور جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی کسٹم حکام نے زمینی راستے سے لاکھوں ریال کی رقم مملکت سے باہر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

کسٹم حکام کے مطابق یہ بڑی رقم پلاسٹک کے تھیلوں میں لپیٹ کر بڑی مہارت سے ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی اور انہیں بارڈر کے ذریعے دوسرے ملک منتقل کیا جانا تھا تاہم البطحا چیک پوسٹ پر موجود مستعد کسٹم حکام نے ٹرک کی تفصیلی تلاشی لی تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب ٹرک کے خفیہ خانوں سے چند ہزار ریال نہیں ، بلکہ 27 لاکھ ریال سے زائد مالیت کے کرنسی نوٹ برآمد ہوئے۔

کسٹم حکام نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتارکر کے اس سے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ضبط کی جانے والی رقم کسٹم حکام کے ریجنل آفس بھجوا دی گئی ہے۔ سعودی پبلک پراسیکیوشن نے واضح کیا ہے کہ منی لانڈرنگ ایک جرم ہے جس کے مرتکب کو 10 سال تک کی قید اور 50 لاکھ ریال جرمانہ کی سزا ہوسکتی ہے۔ منی لانڈرنگ کرنے والا اگر مقامی شہری ہے تو اسے دس سال تک بیرون ملک سفر پرپابندی کی بھی سزا دی جائے گی جب کہ غیر ملکی کی قید اور جرمانے کے بعد ملک بدری کی سزا ہوگی۔

منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے دوران قبضے میں لی جانے والی رقم بھی ضبط کرلی جائیگی۔پبلک پراسیکیوشن آفس نے منگل کے روز اپنے ٹویٹر اکاوٴنٹ کے ذریعہ کہا کہ یہ قانون منی لانڈرنگ جرم کرنے والے ہر شخص کو دو سال اور دس سال تک کی قید کی سزا اور پانچ ملین ریال تک جرمانے کی سزا دیتا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں