حوثی باغیوں کی ایک بار پھر ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش

سعودی فضائیہ نے جوابی کارروائی میں دھماکہ خیز مواد سے لیس حوثی ڈرون مار گرایا۔ ترجمان اتحادی افواج

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 ستمبر 2021 16:37

حوثی باغیوں کی ایک بار پھر ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 ستمبر 2021ء ) حوثی باغیوں کی ایک بار پھر ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی کوشش کو اتحادی افواج نے ناکام بنایا ، اس کے حوالے سے ترجمان اتحادی افواج نے بتایا کہ حوثی ملیشیاء کی جانب سے بدھ کے روز ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ، جس کی رڈار پر اطلاع ملتے ہی سعودی فضائیہ نے فوری جوابی کارروائی کی اور دھماکہ خیز مواد سے لیس حوثی ڈرون مار گرایا ، حوثی ڈرون کو فضاء میں مار گرانے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

چند روز قبل بی سعودی عرب پر حوثی باغیوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 3 بمبار ڈرون طیارے تباہ کیے گئے ، اس وقت حوثی ملیشیاء کی طرف سے سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط پر کیے گئے ڈرون حملے پسپا کرتے ہوئے تینوں بمبار ڈرون طیاروں کو تباہ کردیا گیا ، اس حوالے سے جمعرات کے روز سعودی عرب کے محکمہ دفاع نے حوثی ملیشیاء کے خمیس پر حملے کے دوران ایک ڈرون طیارے کو تباہ کرنے کی تصدیق کی جب کہ عرب اتحادی فوج کی جانب سے 2 بمبار ڈرون طیاروں کو تباہ کیا گیا ، یہ تمام ڈرون طیارے خمیس مشیط پرحملے کے لیے بھیجے گئے تھے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب گزشتہ کئی سالوں سے حوثی ملیشیا کے تخریبی حملوں مسلسل زد میں ہے ، ان ڈرون اور میزائل حملوں اور دیگر جھڑپوں میں متعدد سعودی فوجی اور عام شہری بھی اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں ، رواں سال کے دوران ان تخریبی حملوں میں تیزی آ گئی ہے ، رواں برس 23 اگست کو یمن میں قیام امن کے لیے قائم فوجی اتحاد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز ایک بار پھر سعودی عرب کو دہشت گرد حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ، تب بھی سعودیہ کی جانب تباہی پھیلانے کے لیے ایک بارود بردار ڈرون بھیجا گیا تھا، جسے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی فضا میں تباہ کر دیا گیا ۔

ترجمان کے مطابق سعودی سرحدی علاقے خمیس مشیط کی جانب بھی ایک بارود بردار ڈرون بھیجا گیا تھا جسے راستے میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا، جس کی وجہ سے سعودی عرب بڑی تباہی سے بچ گیا جب کہ اس سے محض تین روز قبل بھی خمیس مشیط کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں