سعودی عرب میں شیر نے شہر کا رخ کرلیا‘ شہری آبادی میں گھومنے کی ویڈیو وائرل

محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم نے شیر کو بے ہوشی کا انجکشن دینے کے بعد اسے ہسپتال منتقل کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 اکتوبر 2021 13:14

سعودی عرب میں شیر نے شہر کا رخ کرلیا‘ شہری آبادی میں گھومنے کی ویڈیو وائرل
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب میں شیر نے شہر کا رخ کرلیا‘ شہری آبادی میں گھومنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک شیر کو سعودی عرب کی شہری آبادی میں گھومتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ، لوگ اسے دیکھ کر سہم گئے اور گھروں تک ہی محصور ہو گئے ، خصوصاً بچوں کو گھروں کے اندر ہی بند کر دیا گیا ، کیوں کہ شیرایک انتہائی خونخوار اور خطرناک جانور ہے جو انسانوں اور دیگر جانوروں کو چند لمحوں میں چیر پھاڑکر موت کے گھاٹ اْتار دیتا ہے ، شیر کی اتنی دہشت ہے کہ اگر یہ چڑیا گھر میں پنجرے کی سلاخوں کے پیچھے بھی ہو تو اسے دیکھ کرلوگ خوف زدہ ہو جاتے ہیں ، اس کی دھاڑ بڑے بڑے بہادر لوگوں کو سہم جانے پر مجبور کر دیتی ہے ، ذرا تصور کریں کہ یہ خطرناک درندہ اچانک کسی آبادی میں دکھائی دے جائے تو وہاں کے مکینوں کی کیا حالت ہوئی ہوگی۔

(جاری ہے)


شہری آبادی میں شیر کے گھومنے کی پولیس کو اطلاع ملی تو پولیس نے محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم کوطلب کرلیا جنہوں نے شیر کو بے ہوشی کا انجکشن دینے کے بعد اسے محفوظ طریقے سے محکمے کے ہسپتال منتقل کردیا ، جہاں معائنے کے بعد یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ شیر کس کا ہے اور کہاں سے آبادی میں آیا۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ایسا واقعہ ریاض کی ایک کالونی میں بھی پیش آیا ، جہاں ایک آوارہ شیر آنکلا اور پھرسڑکوں پر چہل قدمی کرنے لگا ، ولیس کو اس شیر کے بارے میں اطلاع کی گئی جس کے بعد شہری دفاع اور ماحولیاتی سیکیورٹی فورس کی ٹیمیں اس علاقے میں پہنچ گئیں ، اس شیر کو قابو کرنا ایک بڑا مسئلہ تھا ، جس کے لیے خصوصی تکنیک استعمال کرتے ہوئے اسے بے ہوش کیا گیا اور پھر اسے باندھ کر ایک گاڑی میں منتقل کیا گیا۔

ماحولیاتی سیکیورٹی فورس کے سرکاری ترجمان میجر رائد المالکی نے بتایا کہ نیشنل سینٹر فار سیکیورٹی آپریشنز (911) کو اطلاع ملی تھی کہ ریاض کی ایک رہائشی کالونی میں ایک شیر کے آنے سے دہشت پھیل گئی اور لوگ بہت پریشان ہیں ، جس کے بعد نیشنل وائلڈ لائف ڈویلپمنٹ حکام اور پٹرولنگ پولیس کے تعاون سے شیر کو قابو کیا گیا اور پھر اسے ایک پناہ گاہ میں منتقل کر دیا گیا ، یہ شیر بظاہر کسی شخص کی ملکیت لگتا ہے جو کسی طرح اس کے گھر سے باہر نکل آیا ، اس حوالے سے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

مملکت میں جنگلی حیاتیات کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ درندوں کو پالنا اور انہیں گھروں میں رکھنا غیر قانونی اقدام ہے جس پر 10 برس تک قید یا 30 لاکھ ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے اور بعض صورتوں میں یہ دونوں سزائیں اکٹھی بھی دی جا سکتی ہیں ، انہوں نے شہریوں کو تاکید کی کہ وہ کسی بھی معدومیت کے خطرے سے دوچار جانور یا پرندے کی خرید و فروخت، درآمد و برآمد، نمائش، منتقلی یا حصول کی کوشش کا کوئی معاملہ دیکھیں تو مکہ مکرمہ اور ریاض کے علاقوں میں نمبر 911 پر اطلاع دیں جبکہ مملکت کے دیگر شہروں میں ہیلپ لائن 999 پر مجاز حکام کو فوری اطلاع دی جا سکتی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں