شہزادہ محمد بن سلمان عالمی امن و استحکام کی بنیاد قرار

سعودی ولی عہد اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا کیلئے ترقی و کامرانی اور عالمی مستقبل کی نئی امنگ ہیں، جن کے وژن کی بدولت دنیا میں امن و ترقی کے روشن امکانات ہیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز کا آرٹیکل

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 جنوری 2024 17:05

شہزادہ محمد بن سلمان عالمی امن و استحکام کی بنیاد قرار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2024ء ) سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عالمی امن و استحکام کی بنیاد قرار دے دیا گیا۔ امریکی اخبار ’واشنگٹن ٹائمز‘ نے لکھا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دنیا کے لیے امن و خوشحالی کے دور کا آغاز کرنے کے لیے عالمی سطح پر واحد رہنماء ہیں جن کے پاس وژن، توانائی، مالی وسائل اور عوامی حمایت موجود ہے، شہزادہ محمد بن سلمان ایک ایسے وژن کو پیش کرنے کے مشن پر ہے جس کا خلاصہ "عالمی امن کے ذریعے انسانی خوشحالی کو آگے بڑھانا" کے طور پر کیا جا سکتا ہے، آزاد دنیا کے رہنما کے طور پر امریکہ کو سعودی عرب کے عالمی تبدیلی کے علمبردار شہزادہ محمد بن سلمان کی مکمل حمایت اور ان کے ساتھ شراکت داری کو واضح طور پر اور پورے دل سے کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

معروف تجزیہ نگار ڈاکٹر روب سبحانی لکھتے ہیں کہ شہزادہ محمد بن سلمان انتہائی خود اعتمادی کے ساتھ دنیا کے سامنے کھڑے ہیں اور اپنے وژن کے بارے میں دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں جس کے تحت امن و ترقی کے روشن امکانات ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ اور مصنوعی ذہانت کو استعمال کرتے ہوئے صنعت اور میڈیکل کے مستقبل کو روشن کردیا ہے، شہزادہ محمد بن سلمان کی مثال خلا نورد کی سی ہے، جو نئے افق کی طرف سفر کر رہے ہیں اور ان کے ہاتھ میں جدید ترین سائنس کی کلید ہے، وہ صرف بین الاقوامی لیڈر ہی نہیں بلکہ انسانیت کے روشن مستقبل کی طرف لے جانے والے شراکت دار ہیں جس میں دنیا امن و سلامتی کے ساتھ رہ سکتی ہے۔

مضمون میں لکھا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد کی فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے کاوشیں مثالی ہیں، جنہوں نے ٹوپیان کمپنی کا تصور دیا ہے جو دنیا کو بھوک سے بچانے کے لیے نئی ایجادات متعارف کرارہی ہے، شہزادہ محمد بن سلمان نے گرین مشرق وسطی اور گرین سعودی عرب کے تصور کو پیش کیا جس کے تحت وہ ایک ٹریلین درخت لگانے کا منصوبہ رکھتے ہیں، ان کا یہ پروجیکٹ ماحولیات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا کیوں کہ دنیا ایک ایسے موڑ پر ہے جہاں جنگ، موسمیاتی تبدیلی، غربت، اور انسانیت سے عاری تکنیکی کامیابیاں برے اداکاروں کے لیے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر روب سبحانی نے اپنے آرٹیکل میں زور دیا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی اکیلے دنیا کو درپیش چیلنجوں سے نہیں نمٹ سکتے، لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے سعودی ولی عہد کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کا اعلان کیا جائے کیوں کہ اس وقت شہزادہ محمد بن سلمان ہی ہیں جو بین الاقوامی سطح پر امن کے ذریعے انسانی خوشحالی کو آگے بڑھانے کے لیے دنیا کے واحد عالمی رہنماء ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں