متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 596نئے کیسز سامنے آگئے، مزید 3مریض جاں بحق

وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 35ہزار788ہوگئی، 269 افراد جان کی بازہ ہارچکے ہیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 2 جون 2020 20:16

متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 596نئے کیسز سامنے آگئے، مزید 3مریض جاں بحق
ابوظہبی (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-02جون2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 596نئے کیسز سامنے آگئے، مزید 3مریض جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 596نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افارد کی مجموعی تعداد 35ہزار788ہوگئی ہے جبکہ مزید مریضوں کے جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 269 ہوگئی ہے۔

جبکہ صحتیاب ہونے والے افراد کی کل گنتی 18ہزار726ہوگئی ہے۔د متحدہ عرب امارات میں جلد مساجد کھول دیے جانے کا امکان ہے، تاہم تاحال مساجد کھولنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے شارجہ اسلامک افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مساجد کھولنے کی تیاریوں کے سلسلے میں کئی اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شارجہ کی تمام مساجد کو پاک کرنے کیلئے سٹیریلائزیشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب دبئی میں شاپنگ مالز اور نجی شعبہ کو کل 3 جون سے 100 فیصد صلاحیت کیساتھ کاروبار کرنے کی اجازت مل گئی ہے، اس سے قبل گزشتہ ہفتے لاک ڈاون پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے سرکاری و نجی شعبوں کو 50 فیصد صلاحیت کیساتھ دفاتر اور کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔بتایا گیا ہے کہ دبئی کی سپریم کمیٹی برائے کرائسسز اینڈ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ نے کل 3 جون بروز بدھ سے دبئی میں شاپنگ مالز اور دیگر نجی شعبہ کو اجازت دی ہے کہ وہ 100 فیصد صلاحیت کیساتھ کاروبار کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل عید الفطر کے بعد گزشتہ ہفتے لاک ڈاون پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے نجی اور سرکاری شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ گزشتہ ہفتے کے فیصلے کے مطابق سرکاری اور نجی شعبوں کو ابتدائی طور پر 50 فیصد صلاحیت کیساتھ کاروبار اور دفاتر کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔ سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد سے زائد ملازمین کی حاضری کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ تاہم اب دبئی کے شاپنگ مالز اور دیگر نجی شعبہ کو اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ مکمل صلاحیت کیساتھ کام کر سکتے ہیں۔ نجی شعبہ کے تمام ملازمین کو کل سے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں