یو اے ای سے پاکستان کا 2 ارب ڈالر قرض رول اوور کا امکان

متحدہ عرب امارات کو 1 ارب ڈالر پر 3 فیصد اور بقیہ ایک ارب ڈالر پر 6 اعشاریہ 5 فیصد منافع ادا کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 جنوری 2024 14:44

یو اے ای سے پاکستان کا 2 ارب ڈالر قرض رول اوور کا امکان
ابوظہبی/اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 جنوری 2024ء ) متحدہ عرب امارات کی جانب سے رواں ہفتے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیے جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یو اے ای سے 2 ارب ڈالر کا قرض 23 جنوری تک میچیور ہو رہا تھا، تاہم یو اے ای کی جانب سے 2 ارب ڈالر کا قرض ایک سال کیلئے مؤخر کیا جائے گا، اس سلسلے میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو خط لکھا تھا۔

ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ وزیراعظم آفس اور وزارتِ خزانہ کی قرض رول اوور کرانے کے لیے بات چیت جاری ہے، جن میں پیش کی جانے والی تجویز کے تحت پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو 1 ارب ڈالر پر 3 فیصد اور بقیہ ایک ارب ڈالر پر 6 اعشاریہ 5 فیصد منافع ادا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ یواے ای کی جانب سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں رکھوائے گئے ہیں، ان میں ایک ارب ڈالر 17جنوری اور ایک ارب ڈالر 23 جنوری کو واپس ہونا ہے، اس وقت بھی ایک ارب ڈالر 3 فیصد اور ایک ارب ڈالر پر 6.5 فیصد کی شرح سے سود عائد ہے۔

قبل ازیں گزشتہ برس چین نے بھی پاکستان کا 2 اعشاریہ 4 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کیا تھا، چین کے ایگزم بینک نے قرضہ 2 سال کیلئے رول اوور کیا، اس ضمن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان دو سال میں سود کی ادائیگی کرے گا، چین نے پاکستان کیلئے قرض کی ادئیگی مؤخر کرنے کی منظوری دی تھی، جس کے بارے میں چین کے ایگزم بینک نے باضابطہ طور پر پاکستان کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ تمام 31 قرض معاہدوں کی مدت میں 30 جون 2025ء تک توسیع کردی گئی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں