شارجہ: دو بھائیوں کو قتل کرنے والے ایشیائی مجرم کو سزائے موت

مقتولین کے والد نے مجرم کو معاف کرنے سے انکار کر دیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 26 اپریل 2019 11:04

شارجہ: دو بھائیوں کو قتل کرنے والے ایشیائی مجرم کو سزائے موت
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،26 اپریل 2019ء) شارجہ کی کریمنل کورٹ نے ایک ایشیائی باشندے کو دو افرد کو قتل کرنے کے الزام میں موت کی سزا سُنا دی۔ دونوں مقتولین آپس میں سگے بھائی تھے جن کا تعلق بھی ایک ایشیائی مُلک سے تھا۔ استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم اور مقتولین کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو اتنی بڑھی کہ ملزم نے چاقو کے وار کر کے باری باری دونوں بھائیوں کو گھونپ دِیا۔

دونوں بھائی چاقو کے مہلک وار سے زمین پر پڑے درد سے تڑپنے لگے۔ پولیس کو اس سارے واقعے کی اطلاع مِلی تو وہ طبی امداد کی ٹیموں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی۔ دونوں افراد کو فوری طور پر قریب واقع کویت ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ڈاکٹرز نے دونوں بھائیوں کی موت کا اعلان کر دیا۔ ملزم کو آلہ¿ قتل سمیت گرفتار کر کے استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم کی جانب سے مقتولین کے والد سے رابطہ کر کے دیت کی اپیل کی گئی، تاہم والد نے اپنے دو جوان بیٹوں کو بے رحمی سے موت کے گھاٹ اُتارنے والے ملزم کو معاف کرنے سے انکار کر دیا۔ ملزم کے ورثاءکی جانب سے لگاتار معافی کی کوشش کی گئی، مگر بدقسمت والد راضی نہ ہوا۔ جس کے بعد عدالت کی جانب سے ملزم کو سزا سُنا دی گئی۔ ملزم نے عدالتی کارروائی کے دوران اپنے بہیمانہ جرم کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں مقتولین اُسے جان سے مارنا چاہتے تھے، اُس نے جو کچھ بھی کیا وہ اپنی جان بچانے کی خاطر کیا، اُنہیں قتل کرنے کا اس کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں