شارجہ:ہمسایوں کی لاپرواہی کے باعث پاکستانی بچے کی جان گئی

زہریلے اسپرے کے باعث بچے کی موت کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 29 مئی 2019 15:28

شارجہ:ہمسایوں کی لاپرواہی کے باعث پاکستانی بچے کی جان گئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،29 مئی 2019ء) گزشتہ دِنوں شارجہ میں مقیم ایک پاکستانی بچہ خزیمہ زہریلے اسپرے کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا تھا، جبکہ اُس کی جڑواں بہن ابھی بھی القاسمی ہسپتال کے آئی سی یو میں تشویش ناک حالت میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ اس واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ پولیس کے مطابق سوگوار پاکستانی خاندان کے سامنے واقع ایک فلیٹ میں مقیم غیر مُلکی خاندان کی مجرمانہ غفلت کے باعث یہ المناک سانحہ پیش آیا۔

اس غیر مُلکی خاندان نے اپنے عید سے قبل آبائی وطن جانے کا پروگرام بنایا اور فلیٹ سے نکلنے سے پہلے اس میں انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر سپرے کا استعمال کیا۔ایلومینیم فاسفائیڈ نامی اس سپرے کی کوئی بدبو نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے لوگوں کی اس کی بو کا احساس نہیں ہو پاتا۔

(جاری ہے)

مگر یہ سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہو کر نظامِ تنفس کو متاثر کرتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک بھی ہو جاتا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں اس سپرے کا استعمال ممنوع ہے، مگر پھر بھی اسے ہمسایہ فیملی نے استعمال کر کے جرم کا ارتکاب کیا۔ بدقسمت بچے کے باپ شفیع اللہ نے بتایا کہ وقوعے کے روز شام کو خزیمہ کی اور اُس کی حالت بگڑی تو وہ قریبی ہسپتال گئے۔ تاہم ڈاکٹرز نے یہی خیال کیا کہ شاید یہ فوڈ پوائزن کا نتیجہ ہے کیونکہ اس زہریلی گیس سے متاثر ہونے اور فوڈ پوائزن کے نتیجے میں ایک جیسی علامات جنم لیتی ہیں، جس کے باعث اصل خرابی کی تشخیص کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

بچے کو زیادہ خراب حالت کے باعث ڈرپ دی گئی اور پھر واپس گھر بھیج دیا گیا۔ رات کو اُس کی بیوی اور بیٹی کی بھی طبیعت بگڑ گئی۔ جس پر وہ بچے کو گھر چھوڑ کر ان دونوں کو ہسپتال لے گیا۔ صبح جب وہ پانچ بجے گھر واپس آئے تو دو گھنٹے بعد بیٹا اُن کے پاس دوڑا دوڑا آیا اور پھر اچانک زمین پر گر گیا۔ جب اُسے ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔ جبکہ خزیمہ کی جڑواں بہن کومل کی حالت بھی تشویش ناک تھی جسے اب ڈاکٹرز نے تسلّی بخش قرار دے دیا ہے۔ دونوں بہن بھائی شارجہ کے سکول آف نالج میں زیر تعلیم حاصل کر رہے تھے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں