شارجہ میں غیر قانونی ٹیکسی چلانے والوں کی اب خیر نہیں

اپنی ذاتی گاڑی میں لوگوں کو سوار کرا کر ان سے پیسے وصول کرنے والے پر 5000 ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 ستمبر 2019 12:57

شارجہ میں غیر قانونی ٹیکسی چلانے والوں کی اب خیر نہیں
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19ستمبر 2019ء ) شارجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص غیر قانونی ٹیکسی چلاتا ہے تو اسے جرمانے کی مد میں پانچ ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ اگر دُوسری بار وہ یہی حرکت دُہراتا ہوا پایا گیا تو یہ جرمانہ دُگنا یعنی 10 ہزار درہم کر دیا جائے گا۔جبکہ تیسری بار خلاف ورزی کی صورت میں ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

روڈز اتھارٹی کے ڈائریکٹر عبدالعزیز الجروان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریاست میں لوگوں کو اپنی ذاتی اور کمپنیوں کی گاڑیوں میں بٹھا کر انہیں منزل تک پہنچانے کے بدلے میں پیسے وصول کرنے والوں کے خلاف آپریشن شروع ہو چکا ہے۔ رواں سال اگست کے وسط تک اس ٹریفک جُرم کے ارتکاب پر 10,191 افراد کو جرمانے عائد کیے گئے ہیں جس کے باعث اتھارٹی کو پانچ کروڑ درہم کی بھاری آمدنی وصول ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

لوگوں کی جانب سے اپنی ذاتی گاڑیوں کو ٹیکسی سروس کے طور پر استعمال کرنے کے باعث رجسٹرڈ ٹیکسیاں چلانے والوں کی آمدنی میں بہت کمی واقع ہوئی ہے۔غیر قانونی ٹیکسی سروسز کو روکنے کی خاطر 39 افسران پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ جو اس کام میں ملوث افراد کو موقع پر مسافروں کو لے جاتے ہوئے پکڑتے ہیں۔ صرف عید الاضحی کے موقع پر ہی شارجہ میں 259 افراد کو اس خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے۔

یہ غیر قانونی کام زیادہ تر صنعتی علاقوں، کارکنوں کی رہائش گاہوں اور شاپنگ سنٹرز کے قریب ہو رہا ہے جس میں زیادہ تر ایشیائی باشندے ملوث ہیں۔۔کرنل الجروان نے عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ کسی شخص کو غیر قانونی طور پر ٹیکسی چلاتے دیکھیں تو اس کے خلاف اتھارٹی کے کال سنٹر کے نمبر 600525252 پر اطلاع دیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں