شارجہ میں 6 سالہ بچہ اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے زمین پر جا گرا

11 ویں منزل سے گرنے کے باعث بچے کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 17 مارچ 2020 16:00

شارجہ میں 6 سالہ بچہ اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے زمین پر جا گرا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مارچ 2020ء) شارجہ میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی بچہ جاں بحق ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ الغریب پولیس اسٹیشن کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک رہائشی عمارت کی 11ویں منزل سے 6 سالہ بچہ گر کر موت کے منہ میں چلا گیا۔ تفصیلات کے مطابق افریقی ملک سے تعلق رکھنے والا بچہ کھڑکی کے پاس کُرسی پر کھڑا تھا جب اچانک اس کا پیرپھسلا اور وہ کھڑکی سے زمین پر جا گرا۔

بلندی سے گرنے کی وجہ سے اس بدنصیب بچے کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ بچے کے گھر والوں کو اس حادثے کا فوری طور پر پتا نہ چلا۔ تھوڑی دیر بعد گھر کا ایک فرد کمرے میں آیا تو بچے کو وہاں نہ دیکھ کر پریشان ہو گیا۔ گھر میں ڈھونڈنے کے بعد جب کھڑکی سے نیچے جھانک کر دیکھا تو ان کا پیارا بیٹا گراؤنڈ فلور میں خون میں لت پت نظر آیا۔

(جاری ہے)

یہ منظر دیکھ کر بچے کے والدین پر صدمہ طاری ہو گیا۔

پولیس کو فوری طور پر اس حادثے کی اطلاع دے دی گئی۔بچے کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ بچے کی میت کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ اس واقعے میں والدین کی بہت بڑی غفلت تھی جو اپنے بچوں کو کھڑکی والے کمرے میں چھوڑ گئے تھے۔ والدین کو مزید تفتیش کے لیے طلب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہر سال درجنوں بچے بلند و بالا عمارات کی کھڑکیوں اور بالکنیوں سے گر کر اپنی جان گنوا بیٹھتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپارٹمنٹس کی کھڑکیاں بند رکھیں اور ان کے آگے ایلومینیم کے بیریئر لگوائیں تاکہ بچوں کے بلندی سے گرنے کے واقعات کا سدباب ہو سکے۔ لوگوں کو بار بار اس طرح کے خطرات سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ والدین کو کبھی اپنے بچوں کو گھر پر اکیلا نہیں چھوڑنا چاہیے اور خطرناک اشیاء اور مواد کو ان کی پہنچ سے دُور رکھنا چاہیے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں