پاکستان واپس جانے کے لیے ابوظبی اور شارجہ ایئرپورٹس پر کورونا ٹیسٹ رپور ٹ دکھانے کی شرط عائدہو گئی

دونوں انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر ایئرلائنز کی جانب سے مسافروں کی پی سی آر رپورٹ چیک کی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 اگست 2020 12:26

پاکستان واپس جانے کے لیے ابوظبی اور شارجہ ایئرپورٹس پر کورونا ٹیسٹ رپور ٹ دکھانے کی شرط عائدہو گئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 اگست 2020ء) متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی تارکین جاننا چاہتے ہیں کہ کن ایئرپورٹس پر وطن واپس جاتے وقت کورونا ٹیسٹ کی پی سی آر رپورٹ دکھانا لازمی ہے۔ اس حوالے سے خلیج ٹائمز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جو تارکین ابوظبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور شارجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے وطن واپس جانا چاہتے ہیں انہیں پرواز روانگی سے پہلے اپنی کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی تازہ ترین رپورٹ دکھانا ہو گی۔

شارجہ ایئرپورٹ کی جانب سے ایئر لائنز کو ایک نوٹیفکیشن بھیجا گیا ہے جس کے مطابق شارجہ ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے افراد کو پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ دکھانا ہو گی۔ جسے حاصل کیے ہوئے روانگی کے وقت 48 گھنٹے سے زائد وقت نہ گزرا ہو۔ اس نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ایئرلائنز شارجہ ایئرپورٹ پر چیک ان کاؤنٹر پر مسافروں سے پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ موصول کریں گی۔

(جاری ہے)

ابوظبی میں دو ایئر لائنز نے مسافروں کو ایئرپورٹ سے روانگی کے وقت اپنی پی سی آر نیگیٹو رپورٹ ساتھ رکھنے اور چیک کرانے کی شرط عائد کر رکھی ہے۔ اتحاد ایئرویز کی جانب سے گزشتہ بُدھ کو اعلان کیا گیا تھا کہ 16 اگست بروز اتوار سے اتحاد ایئرویز سے سفر کرنے والے تمام افراد کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہو گی۔ اعلان میں مزید کہا گیا کہ یہ ٹیسٹ حکومت کے کسی بھی مستند ادارے سے کروایا جا سکتا ہے۔

پرواز کی روانگی کے وقت مسافر کو پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ بنوائے ہوئے 96گھنٹے سے زائد وقت نہ گزرا ہو۔ اگر کسی شخص کے پاس کورونا ٹیسٹ کے نیگیٹو رزلٹ کی پرنٹ شدہ کاپی موجود نہیں ہو گی تو اسے جہازمیں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مسافروں کو یہ کورونا رپورٹ ایئرپورٹ کے چیک ان پوائنٹ کاؤنٹر پر جمع کروانا ہو گی۔ دوسری جانب ایئر انڈیا کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا ہے کہ ابوظبی ایئرپورٹ سے اس کی پرواز پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے 21 اگست سے کورونا رپورٹ چیک کروانی لازمی ہو گی۔ 

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں