”میں 21 سال کی لڑکی ہوں، 70 سال کے بزرگ سے شادی نہیں کر سکتی“

شارجہ میں لڑکی نے گھر والوں کی جانب سے بے جوڑ رشتہ طے کرنے پر خود کُشی کر لی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 13 اپریل 2021 14:20

”میں 21 سال کی لڑکی ہوں، 70 سال کے بزرگ سے شادی نہیں کر سکتی“
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 اپریل2021ء) اسلام دینِ فطرت ہے۔ اس مذہب میں انسان کو بہت سے اختیار دیئے گئے ہیں۔ خواتین کو بھی پورا حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے جیون ساتھی کا اانتخاب کر سکتی ہیں۔ اسی طرح اگر انہیں کسی رشتے پر اعتراض ہو تو والدین کو بات سُننی پڑے گی۔ کیونکہ جس نے زندگی گزارنی ہو، اگر وہی مطمئن نہ ہو تو اتنی لمبی زندگی میں بہت سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

تاہم کچھ لوگ اپنی گھر کی خواتین کو بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں اور ان کی مرضی کے بغیر ان کے بے جوڑ رشتے قائم کر دیتے ہیں۔ ایسی ہی ایک بے جوڑ شادی کروانے کی کوشش ایک لڑکی کی موت کا سبب بن گئی ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق شارجہ میں 21 سالہ لڑکی نے والدین سے ناراض ہو کر خود کُشی کر لی ہے۔ اس کے والدین نے اس کی مرضی کے بغیر 70 سال بزرگ سے رشتہ قائم کر دیا تھا، جس پر لڑکی نے بہت احتجاج کیا، مگر بے حس والدین پر کوئی اثر نہ ہوا۔

(جاری ہے)

لڑکی اپنے سے تقریباً 50 سال بڑے شخص کو بطور شوہر قبول کرنے کے لیے تیار نہیں تھی، آخراس نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اونچائی سے کُود کر خود کُشی کر لی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ شارجہ کے علاقے مویلیہ میں پیش آیا ہے ۔ جہاں بدنصیب لڑکی اپنے گھر والوں کے ساتھ پانچویں منزل کے اپارٹمنٹ میں مقیم تھی۔ پولیس کو واقعے کی اطلاع ملنے پر میڈیکل ٹیمیں اور پٹرولنگ عملہ جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔

جہاں لڑکی مُردہ حالت میں اس طرح دکھائی دی کہ اس کی کھوپڑی ٹوٹ چکی تھی اور پھیپھڑوں سے خون بہہ رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پتا چلا کہ لڑکی کا تعلق ایک ایشیائی ملک سے ہے۔ 70 سالہ بزرگ سے رشتہ طے کرنے کے بعد لڑکی کی اپنے گھر والوں سے مسلسل رنجش چل رہی تھی،مگر وہ اس کی بات ماننے کو تیار نہ تھے۔ لڑکی کو عنقریب وطن واپس بھجوا کر اس کی شادی کروائی جانی تھی۔ جب لڑکی کی تمام تر منت سماجت بھی بیکار گئی تو بالآخر اس نے اپنے اپارٹمنٹ کی بالکونی سے کود کر خود کُشی کر لی۔ پولیس نے بدنصیب لڑکی کے اہل خانہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ اگر اس معاملے میں ان کی زبردستی ثابت ہو گئی تو کئی سال جیل کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔ 

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں